ایم کیو ایم کراچی میں بارش کے پانی کے باعث نظام زندگی مفلوج ہونے پر سراپا احتجاج

عوام روزانہ گھنٹوں سڑکوں پر پریشان ،شہر لاوارث میں کوئی انتظامیہ ہی نہیں،واٹر اینڈ سیوریج بورڈ،سندھ حکومتی وبلدیاتی نمائندے شہر میں کہیں نظر نہیں آرہے، ترجمان

ہفتہ 3 اگست 2024 20:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2024ء) ایم کیو ایم نے کراچی میں بارش کے پانی کے باعث نظام زندگی مفلوج ہونے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام روزانہ گھنٹوں سڑکوں پر پریشان ہوتے ہیں مگر شہر لاوارث میں کوئی انتظامیہ ہی نہیں،واٹر اینڈ سیوریج بورڈ،سندھ حکومت اور بلدیاتی نمائندے شہر میں کہیں نظر نہیں آرہے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان ایم کیو ایم نے بارش کے باعث سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے کے باعث نظام زندگی مفلوج ہونے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ عوام روزانہ گھنٹوں سڑکوں پر پریشان ہوتے ہیں لیکن شہر لاوارث میں کوئی انتظامیہ ہی نہیں،شہر بھر میں گٹر ابل رہے ہیں جس سے اہم اور مرکزی شاہرائوں پر پانی کھڑا ہوگیا ہے،واٹر اینڈ سیوریج بورڈ،سندھ حکومت اور بلدیاتی نمائندے شہر میں کہیں نظر نہیں آرہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ سیوریج اور بارش کا پانی سڑکوں پر جمع ہونے سے سڑکیں بری طرح سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوچکی ہیں،کراچی کے مختلف علاقوں میں سڑکوں میں بڑے بڑے گڑھے پڑچکے ہیں جس سے ٹریفک شدید متاثر ہورہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں شہری منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرنے پر مجبور ہیں ،وزیراعلی سندھ، وزراء کی فوج، میئر کراچی اور قابض بلدیاتی نمائندے سب کے سب شہریوں کے ٹیکس سے تنخواہ لیتے ہیں اور اسی پیسے سے ان کے محلات چلتے ہیں لیکن انہوں نے شہریوں کو بے یار ومدد گار چھوڑ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے کارکنان قیادت کی ہدایت پر کراچی مختلف علاقوں میں عوام کی مدد کیلئے سڑکوں پر موجود ہیں۔