جی سی ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں پہلی آل پاکستان انٹر کلب بال اینڈ ڈیک ہاکی چیمپئن شپ کا انعقاد

اتوار 4 اگست 2024 19:50

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2024ء) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کے آڈیٹوریم میں پاکستان بال اینڈ ڈیک ہاکی فیڈریشن کے تعاون سے  پہلی آل پاکستان انٹر کلب بال اینڈ ڈیک ہاکی چیمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں لاہور، اسلام آباد، ملتان، گوجرانوالہ، گجرات سمیت پاکستان بھر سے لڑکے اور لڑکیوں کی ٹیموں نے شرکت کی ۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زرین فاطمہ رضوی نے پاکستان بھر سے آنے والی ٹیموں،آفیشلز اور تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ کا کھیلوں کا سامان پوری دنیا میں مشہور ہے مگر آئندہ سامان کے ساتھ ساتھ سیالکوٹ کے کھلاڑی بھی پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سپورٹس انڈسٹری اور ائیر سیال کا خصوصی شکریہ ادا کیا جو آنے والی نسل کو کھیلوں کےلئے پلیٹ فارم فراہم کر رہے ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتےہوئے مہمان خصوصی چئیرمین ائیرسیال فضل جیلانی نے ایونٹ کے تمام منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم کے بعد سپورٹس کو پروموٹ کرنے کی اشد ضرورت ہے، جن قوموں کے کھیل کے میدان آباد ہوتے ہیں وہاں کے ہسپتال ویران ہو جاتے ہیں۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی نارکوٹکس فورس محمود الحسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کا پہلاسٹیپ سگریٹ ہے تعلیمی اداروں میں منشیات کا استعمال روکنے کےلئے والدین اور اساتذہ ذہن سازی کریں اور اس کی فروخت کرنے والوں کی اطلاع  اینٹی نارکوٹکس فورس کو کریں تاکہ ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

وائس چیئرمین ایئر سیال عمر میر چیمپئن شپ کی رنراپ ٹیم کےلئے 20ہزار روپے اور ونر کے لئے 25ہزار روپے نقد انعامات کا بھی اعلان کیا۔ پہلی بال اینڈ ڈیک ہاکی چیمپئن شپ کے آرگنائزر سی ای او نقاش سپورٹس نقاش جٹ نے کہا کہ نوجوانوں کو سپورٹس کےلئے پلیٹ فارم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں کالجوں اور یونیورسٹیوں میں سپورٹس سکالر شپ دلوانے کی بھی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے پاکستان اور سیالکوٹ کو منشیات سے پاک کرنے کےلئے کھیلوں کے میدان آباد کرنے کا اعادہ کیا۔