Live Updates

اسلام آباد میں جلسہ کروں گا‘ دیکھتا ہوں کون ہمیں روکتا ہے، علی امین گنڈاپور

جج صاحبان کہہ رہے ہیں کہ ان پر پریشر ہے تو وہ بتائیں کس کا پریشر ہے، وہ پریشر نہ لیں قوم ان کے ساتھ ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 5 اگست 2024 10:35

اسلام آباد میں جلسہ کروں گا‘ دیکھتا ہوں کون ہمیں روکتا ہے، علی امین ..
صوابی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 اگست 2024ء ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں جلسہ کروں گا، دیکھتا ہوں کون ہمیں روکتا ہے۔ صوابی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کے جلسے کے بعد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا، صوابی جلسے میں اسلام آباد کے جلسے کا بھی اعلان کروں گا، پھر ہم دیکھتے ہیں کہ ہمیں کون روکتا ہے یا کون ہمیں اسلام آباد میں جلسہ کرنے سے روک سکتا ہے، اس لیے بہتر ہے اپنا رویہ ٹھیک کرلیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ میری اداروں اور عدالتوں سے بھی درخواست ہے کہ جس طریقے سے بار بار عدالتیں اور جج صاحبان کہہ رہے ہیں کہ ان پر پریشر ہے تو وہ بتائیں کس کا پریشر ہے، وہ پریشر نہ لیں قوم ان کے ساتھ ہے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے لیے پی ٹی آئی چئیرمین بیرسٹر گوہر اور مرکزی سیکرٹری جنرل عمر ایوب صوابی پہنچ چکے ہیں، پی ٹی آئی قیادت کی سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی صوابی رہائش گاہ پر اہم ملاقات ہوئی، پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز میں ملاقات میں موجود تھے، میٹنگ میں صوابی جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے مشاورت کی گئی، اس دوران سابق اسپیکر اسد قیصر نے پارٹی چیئرمین اور سیکرٹری جنرل کو جلسے کی تیاریوں سے متعلق آگاہ کیا۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کا صوابی جلسہ تاریخی ہوگا، ملک بھر سے پی ٹی آئی کارکنان جلسہ میں شرکت کریں گی کیوں کہ 5 اگست کو ہمارے لیڈر کو غیر قانونی طریقے سے حراست میں لیا گیا تھا، یہ حکومت نااہل اور مینڈیٹ چور ہے، یہ جو قانون سازی کر رہے ہیں یہ قانون سازی غیر قانونی ہے، اس حکومت نے عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈالا ہے، پوری دنیا کو دکھانا چاہتے ہیں کہ اس ناجائز حکومت کے پاس عوام کا اعتماد نہیں، صوابی کے بعد اسلام آباد میں جلسہ کریں گے، 14 اگست بھی بھرپور طریقے سے منائیں گے، ہم کوشش کر رہے ہیں ان تمام پارٹیوں کو اکٹھا کریں جو اس رجیم اور مہنگائی کیخلاف ہیں۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات