کراچی: لیاری میں مکان کی چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق،7زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیا

لیاری کھڈامارکیٹ میں بھی چھت گرنے سے خاتون سمیت2افراد زخمی،راشد گوٹھ میں گھر کی دیوار گرنے سے 6 بچے زخمی ہوگئے گلبرگ چورنگی پر عمارت کا اگلا حصہ گر گیاتاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، حسن اسکوائر سے لیاقت آباد جانے والی سڑک عیسی نگری کے قریب بیٹھ گئی،ایک ٹریک بند

پیر 5 اگست 2024 12:09

کراچی: لیاری میں مکان کی چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق،7زخمیوں کو سول اسپتال ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2024ء) کراچی کے علاقے لیاری چاکیواڑہ تھانے والی گلی میں مکان کی چھت گر گئی، ملبے تلے دب کر 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کی جگہ سے 7 زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، چھت کے ملبے میں مزید زخمیوں کو ڈھونڈ رہے ہیں۔چھت گرنے کا ایک اور واقعہ لیاری کھڈا مارکیٹ کے قریب پیش آیا، جہاں چھت گرنے سے خاتون سمیت 2 افراد شدید زخمی ہوگئے، جنہیں سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ادھر کراچی کے علاقے ملیرکینٹ کے قریب راشد گوٹھ میں گھر کی دیوار گرنے سے 6 بچے زخمی ہوگئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی بچوں کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا، زخمی بچوں کی عمریں 3 سے 6 سال کے درمیان ہے۔کراچی کے علاقے گلبرگ چورنگی پر عمارت کا اگلا حصہ گر گیا۔

(جاری ہے)

عمارت کا ایک حصہ منہدم ہونے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جب کہ ریسکیو ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

جس عمارت کا اگلا حصہ گرا وہ خالی تھی، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔دوسری جانب حسن اسکوائر سے لیاقت آباد جانے والی سڑک عیسی نگری کے قریب بیٹھ گئی، سڑک بیٹھنے سے زمین میں تین سے چار فٹ گہرا گڑھا پڑ گیا ہے۔حسن اسکوائر سے لیاقت آباد جانے والا روڈ ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے، لیاقت آباد سے حسن اسکوائر جانے والے ٹریک کو ڈبل چلایا جا رہا ہے۔

اسی طرح ایک اور واقعہ سخی حسن میں رپورٹ ہوا ہے۔ سخی حسن ٹو کے اسٹاپ کے قریب سڑک دھنس گی جس کے نتیجے میں ایک کار گڑھے میں پھنس گئی۔عینی شاہدین کے مطابق حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم سڑک دھنس جانے سے مرکزی شاہراہ پر ٹریفک کا رش ہوگیا ہے اور منٹوں کا راستہ گھنٹوں میں طے ہورہا ہے۔بارش نے مرکزی شاہراوں کی تیاری میں استعمال ہونے والے خام مال کی کھلی کھول دی ہے اور ساتھ ہی ٹھیکیداروں اور انتظامیہ کی کارکردگی پر بھی سوال اٹھ گیا ہے۔

شہر میں تیز بارش کے بعد کچھ مقامات پر تاحال بارش کا پانی جمع ہے، لیاقت آباد 10 نمبر پر بھی بارش کا پانی جمع ہے۔اس کے علاوہ ملیر ہالٹ کے قریب بھی بارش کا پانی جمع ہے جبکہ نیپا چورنگی پر پانی کی نکاسی کی جا رہی ہے۔گلستان جوہر چورنگی، شارع فیصل، ناظم آباد اور ڈالمیاں روڈ سے بھی پانی کی نکاسی کر دی گئی ہے۔