ا یف آئی اے سائبر ونگ کے پاس اپنے شعبے کی کوئی مہارت نہیں،عظمیٰ بخاری

وزیراعظم سے گزارش ہے کہ ایف آئی اے کا سائبر کرائم ونگ بند کروا دیں، چیف جسٹس صاحبہ معاملے کو سمجھتی ہیں، میرے خیال میں چیف جسٹس صاحبہ معاملے کی تہہ تک پہنچنا چاہتی ہیں،صوبائی وزیر کی میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 5 اگست 2024 13:56

ا یف آئی اے سائبر ونگ کے پاس اپنے شعبے کی کوئی مہارت نہیں،عظمیٰ بخاری
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔05اگست 2024 ) صوبائی وزیر اطلاعات ونشریات عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ ا یف آئی اے سائبر ونگ کے پاس اپنے شعبے کی کوئی مہارت نہیں،وزیراعظم سے گزارش ہے کہ ایف آئی اے کا سائبر کرائم ونگ بند کروا دیں، چیف جسٹس صاحبہ معاملے کو سمجھتی ہیں، میرے خیال میں چیف جسٹس صاحبہ معاملے کی تہہ تک پہنچنا چاہتی ہیں۔لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ سائبرکرائم کو کچھ نہیں پتا ان کو یہ بھی نہیں پتا کہ انہوں نے کیا کرنا ہے۔

ہمیں یہ چیز روکنا ہو گی ورنہ آج میں ہوں کل کوئی اور ہوگا۔جب سے یہ فتنہ پارٹی کا وجود سامنے آیا تب سے یہ گند سامنے آیا۔انہوں نے معاشرے میں بگاڑ پیدا کیا ہے۔ فیک ویڈیو کی تربیت نہ گھر کی ہے اور نہ ہی پارٹی کی ۔

(جاری ہے)

ورنہ یہ سب ہمیں بھی کرنا آتا ہے جب کہ بشریٰ بی بی کی کوئی ڈیپ فیک ویڈیو نہیں بنائی گئی۔ بشریٰ بی بی نے عدت میں نکاح کیا تو کیا یہ میری غلطی ہے؟ ۔

میرے بیٹے کے ساتھ میری تصویر لگا کر جو کچھ کہا جا رہا ہے۔ کسی کو شرم آئی؟ میں زندگی کی آخری سانس تک اپنا کیس لڑوں گی۔ میں ہر حد تک جاوں گی اور انصاف کے تمام دروازے کھٹکھٹاوں گی ۔ انہوںنے کہا کہ لوگوں کی فیک ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر پھیلانے والوں کو کچھ تو سوچنا چاہئے ۔میرا سوال ہے کہ آخر کس نے انہیں عزتیں اچھالنے کا اختیار دیا ہے؟ ۔دریں اثناءلاہور ہائی کورٹ میں وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری کی مبینہ ویڈیو پر کارروائی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس لاہور عالیہ نیلم نے درخواست کی سماعت کرتے ہوئے پنجاب حکومت سمیت دیگر فریقین کو جواب جمع کروانے کی ہدایت کی۔ عدالت نے کیس کی مزیدسماعت 29 اگست تک ملتوی کردی۔