کرپشن کا الزام؛ افغان کرکٹر احسان اللہ جنت پر5 سال کیلئے پابندی عائد

بدھ 7 اگست 2024 17:31

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اگست2024ء) افغانستان کے ٹاپ آرڈر بلیباز احسان اللہ جنت پر کرپشن کے الزام میں 5 سل کیلئے پابندی عائد کردی گئی۔افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی)نے رواں سال کے آغاز میں کابل پریمیئر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے دوران کرکٹر پر کرپشن کے الزام پر فوری طور پر 5 سال کی پابندی عائد کردی ہے۔بورڈ نے احسان اللہ جنت کو آئی سی سی کے انسداد بدعنوانی کوڈ کے آرٹیکل 2.1.1 کی خلاف ورزی کا قصوروار پایا، اس قانون کے تحت اثر و رسوخ کا غلط استعمال جبکہ میچ کے دوسرے پہلو میں ہیرا پھیری کرنے کی کوششوں کا سبب ہے۔

(جاری ہے)

اس خلاف ورزی کے نتیجے میں احسان اللہ پر فوری طور پر تمام فارمیٹ کی کرکٹ کھیلنے پر 5 سال کی پابندی ہے جبکہ کرکٹر نے الزامات کو تسلیم کرلیا ہے۔دوسری جانب افغان بورڈ 3 دیگر کھلاڑیوں سے بھی ممکنہ کرپشن میں ملوث ہونے کی تحقیقات کررہا ہے۔26 سالہ احسان اللہ نے کابل پریمیئر لیگ 2024 میں شمشاد ایگلز کی نمائندگی کررہے تھے، انہوں نے چار اننگز میں 72 رنز بنائے، جس کی اوسط 150 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 18 تھی جبکہ انکی ٹیم 6 ٹیموں کی لیگ میں آخری نمبر پر رہی۔احسان اللہ تینوں فارمیٹ کے 20 میچوں میں افغانستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔