لاہور ہائیکورٹ نے ڈی پی او گجرات کو 9 اگست تک حاجی امتیاز احمدکو بازیاب کرکے پیش کرنیکی مہلت دیدی

بدھ 7 اگست 2024 20:15

ؐلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اگست2024ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے ڈی پی او گجرات کو 9 اگست تک این اے 68 سے ایم این اے حاجی امتیاز احمدکو بازیاب کرکے پیش کرنیکی مہلت دیدی، عدالت نے ڈی جی اینٹی کرپشن کے رویئے پر افسوس کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ معاملہ حساس ہے مغوی کی بازیابی چاہیے، ڈی جی اینٹی کرپشن نے کہا ہمارے پاس اسلحہ نہیں ہوتا، عدالت کا ڈی جی انٹی کرپشن کے جواب پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ آپ پر لوگ کس طرح اعتماد کریں گی آپ کے یہی معاملات ہیں تو ملزم کو اپکی تحویل میں نہیں دینا چاہئے۔

عدالت نے آئی جی پنجاب سے استفسار کیا کہ پولیس کے ایس او پیز کیا ہیں آئی جی کہا کہ ہم نے ملزمان کی کیٹگری بنا رکھی ہے، ہم ریڈ کے لیے اینٹی کرپشن کو پولیس فراہم کر دیتے ہیں ،ہم نے معاملہ کا نوٹس لیتے ہوئے جیو فنسنگ کے لیے پانچ نمبر بھجوائے ہیں، ہم تمام سیکورٹی اداروں سے مدد مانگ رہے ہیں، ہم نے نادرا اور ایف آئی اے کوبھی لکھا ہے، ہم سی سی ٹی وی فوٹیج بھی دیکھ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

عدالت نے کہا آپ چھ روز سے مغوی ٹریس نہیں کر سکے۔ آئی جی نے کہا کہ ہم نے قومی اسمبلی میں بھی رپورٹ جمع کرائی ہے، ڈی پی او گجرات کی نگرانی میں تفتیش ہو رہی ہے، ڈی پی او نے مغوی کی بازیابی کے لیے مہلت مانگی، عدالت نے کہا کیا میں پولیس والوں کو معطل کر دوں سرکاری وکیل نے عدالت میں پیش رپورٹ میں موقف اپنایا کہ واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، ملزم پولیس حراست میں ہیں، انکوائری ایڈیشنل ڈی جی اینٹی کرپشن کر رہے ہیں، ڈیوٹی پر مامور کانسٹیبلوں کو معطل کر کے انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ پولیس والے ان لوگوں کی سی ڈی آر بھی لیں جن سے حاجی امتیاز کو چھین لیا گیا، پولیس نے ایک کیس میں معاملہ ہونے کے باوجود دو افراد کو پولیس مقابلے میں ماردیا۔