اسسٹنٹ کمشنرز کے ضلع بھر میں قائم پنجاب سوشل اکنامک رجسٹری سنٹرز کے دورے

جمعرات 8 اگست 2024 20:30

شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2024ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف ، چیف سیکرٹری پنجاب ، کمشنر لاہور اور ڈپٹی کمشنر شیخوپوره ڈاکٹر وقار علی خان کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرز کے ضلع بھر میں قائم کیے گئے پنجاب سوشل اکنامک رجسٹری سنٹرز کے دورے جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر وقار علی خان کی زیر صدارت اجلاس میں مستحقین کا پی ایس ای آر کے تحت حقائق پر مبنی ڈیٹا اکٹھا کرنے کے عمل ، سائلین کے لیے بیٹھنے کا انتظامات سمیت دیگر اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر وقار علی خان نے مستحقین کے لۓ بہتر سہولیات کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کرتے ہوۓ کہا کہ پنجاب سوشو اکنامک رجسٹری پروگرام کے تحت رجسٹرڈ افراد حکومت پنجاب کے ہمت کارڈ ، کسان کارڈ ، لیپ ٹاپ ، سکالرشپ پروگرام، ٹریکٹر سکیم ، مویشی کارڈ ، اپنی چھت اپنا گھر سے مستفید ہوسکیں گے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر وقار علی خان نے بتایا کہ ضلع بھر میں محکمہ تعلیم ، صحت ، ریونیو ، لائیو سٹاک ، لوکل گورنمنٹ ، زراعت ، سوشل ویلفیئر سمیت دیگر محکمہ جات کی جانب سے قائم کیے گئے 398 پی ایس ای آر سنٹرز پر افراد کا ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے ۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر وقار علی خان نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے انقلابی رجسٹری پروگرام کیلئے ایگزیکٹ ڈیٹا کا حصول ترجیح ہے ، مستحقین ضلع بھر میں قائم مراکز پر اور آن لائن بھی اپنی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر وقار علی خان نے کہا ضلع بھر کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز پی ایس ای آر اور ستھرا پنجاب پروگرام کے عمل کی باقاعدہ نگرانی کریں ، رجسٹرڈ افراد کا ڈیٹا روزانہ براہ راست شیئر بھی کیاجائے ، معتبر اور قابل اعتماد ڈیٹا کیلئے متعین سٹاف اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دے ، شفاف انداز میں حقیقی ڈیٹا کو ہرصورت یقینی بنایا جائے۔