جامعہ سندھ جامشورو اور اس کے تمام کیمپسز میں 77 واں جشن آزادی بھرپور قومی جوش و جذبے کے ساتھ منانے کا اعلان

جمعہ 9 اگست 2024 19:40

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2024ء) جامعہ سندھ جامشورو اور اس کے کیمپسز محترمہ بینظیر بھٹو شہید کیمپس دادو، سید الہندو شاہ کیمپس نوشہروفیروز، لاڑ کیمپس بدین اور سندھ یونیورسٹی کیمپس ٹھٹھہ میں ملک کا 77 واں آزادی کا دن بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ کرتے ہوئے مختلف پروگرامز ترتیب دیئے گئے ہیں۔ قومی پرچم لہرانے کی مرکزی تقریب کی صدارت شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو کریں گے۔

اس سلسلے میں رجسٹرار جامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر مشتاق علی جاریکو نے ایک مراسلے کے ذریعے تمام کیمپسز کے پی ویز و فوکل پرسنز، فیکلٹیز کے ڈینز، تدریسی و انتظامی شعبوں کے سربراہان، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز، چیئرمین سندھ یونیورسٹی کالونی، پرچیز اینڈ اسٹورز آفیسر، ڈائریکٹر بیورو آف اسٹیگس ، ڈائریکٹر کیمپس سکیورٹی، ڈاکٹر این اے بلوچ و سید پناہ علی شاہ ماڈل اسکول کے پرنسپالز و دیگر متعلقہ حکام کو جشن آزادی کی تیاریارں بھرپور انداز میں کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

(جاری ہے)

رجسٹرار کی ہدایات کے بعد بیورو آف اسٹیگس کی جانب سے جشن آزادی کے حوالے سے تفصیلی شیڈیول جاری کیا گیا ہے، جس کے مطابق مادر علمی میں وطن عزیز کے 77 ویں آزادی کے دن پر حیدر بخش جتوئی پویلین میں صبح 9 بج کر 20 منٹ پر تلاوت کلام پاک سے پروگرام کا آغاز ہوگا، جس کی سعادت انسٹیٹیوٹ آف لینگویجز میں بطور لیکچرار خدمات سرانجام دینے والے نظر حسین چانڈیو حاصل کریں گے، جس کے بعد تقریب میں نعت پیش کی جائے گی۔

بعد ازاں ساڑھے نو بجے قومی پرچم لہرایا جائے گا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر کلہوڑو رجسٹرار اور تعلیمی و انتظامی حکام کے ساتھ قومی پرچم لہرائیں گے۔ اس موقع پر سندھ یونیورسٹی سکیورٹی کا چاق و چوبند دستہ قومی پرچم کو سلامی بھی پیش کرے گا۔ تقریب میں وطن عزیز سے اظہار محبت کے طور پر حیدر بخش جتوئی پویلین کے گراؤنڈ میں فلیگ مارچ کیا جائے گا اور جشن منانے کے ساتھ ساتھ مٹھایاں تقسیم کی جائیں گی۔ ڈائریکٹر بیورو آف اسٹیگس ڈاکٹر غزالہ پنہور نے تمام اساتذہ، افسران، ملازمین اور طلبہ و طالبات کو تقریب میں بھرپور شرکت کی دعوت دی ہے۔