ویمن ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024ء، بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے فوج سے سیکیورٹی کی یقین دہانی مانگ لی

وزیر اعظم حسینہ واجد کے استعفے کے بعد حالیہ فسادات نے بی سی بی کے لیے ٹورنامنٹ کی میزبانی مشکل بنا دی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 10 اگست 2024 15:27

ویمن ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024ء، بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے فوج سے سیکیورٹی کی ..
ڈھاکا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 اگست 2024ء ) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے آئندہ ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024 کی میزبانی کے لیے سکیورٹی کی یقین دہانی کے لیے چیف آف آرمی سٹاف کو خط لکھا جو 3 اکتوبر سے شروع ہونے والا ہے۔ ملک بھر میں طلباء کے احتجاج کے بعد جہاں 300 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے، وزیر اعظم شیخ حسینہ کو سی او اے ایس کی جانب سے مستعفی ہونے کا الٹی میٹم دیا گیا تھا جس کے بعد فوج نے ملک کا کنٹرول سنبھال لیا تھا اور 8 اگست کو نوبل انعام یافتہ پروفیسر محمد یونس کی قیادت میں نئے انتخابات تک ملک چلانے کے لیے عبوری حکومت مقرر کی گئی۔

اب بی سی بی نے آرمی چیف سے کہا کہ وہ انہیں ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء کی میزبانی کے لیے سکیورٹی کی یقین دہانی کرائیں کیونکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور میگا ایونٹ کی میزبانی کے لیے متبادل آپشنز پر غور کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

بی سی بی کی امپائر کمیٹی کے چیئرمین افتخار احمد مٹھو نے کرک بز کو بتایا کہ "ہم ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ، ہم نے آرمی چیف کو آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کی سیکیورٹی کے بارے میں یقین دہانی کے حوالے سے ایک خط بھیجا ہے کیونکہ ہمارے پاس صرف دو ماہ رہ گئے ہیں‘۔

"آئی سی سی نے دو دن پہلے ہم سے بات کی تھی اور ہم نے جواب دیا تھا کہ ہم جلد ہی ان کے پاس واپس آئیں گے۔ آج عبوری حکومت بننے کے بعد بھی ہمیں انہیں سکیورٹی کی یقین دہانی کرانی ہے کیونکہ یہ بورڈ یا کوئی اور نہیں دے سکتا۔ ملک کے قانون نافذ کرنے والے ادارے کے علاوہ اور اسی لیے ہم نے آج خط بھیجا اور فوج سے تحریری یقین دہانی کے بعد ہم آئی سی سی کو مطلع کریں گے۔ یاد رہے ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں 10 ٹیموں کے درمیان ڈھاکہ اور سلہٹ میں 3 سے 20 اکتوبر تک 23 میچز شیڈول ہیں۔