پاکستان فصلوں کی پیداوار بڑھانے، غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جدید تکنیکوں کو اپنانا چاہتا ہے، وفاقی وزیرجام کمال

ہفتہ 10 اگست 2024 18:54

پاکستان فصلوں کی پیداوار بڑھانے، غذائی  تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2024ء) وفاقی وزیر براٸے تجارت جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان فصلوں کی پیداوار بڑھانے، معیار کو بہتر بنانے اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جدید تکنیکوں کو اپنانے کا خواہاں ہے،زراعت کا مستقبل اختراع اور ٹیکنالوجی میں مضمر ہے،پاکستان زرعی ٹیکنالوجی اور پائیدار کاشتکاری کے طریقوں میں چین کی ترقی سے سیکھنا چاہتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں ایکسپو سینٹر میں تین روزہ بین الاقوامی فوڈ اینڈ ایگریکلچر نمائش '2024کے دوسرے دن پاک چین ایگرو ٹریڈ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان چائنا ایگرو ٹریڈ کانفرنس دونوں ممالک کے درمیان زرعی تعلقات کو مضبوط بنانے اور تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچانے کے لئے پاکستان اور چین ملکر کام کرسکتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان دیرپا اور مضبوط تعلقات ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں پر امید ہوں کہ اس طرح کے اجتماعات، کانفرنسیں ہمارے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کریں گی اور ہمارے شراکت داروں اور کاروباری برادریوں کے لیے تجارت، برآمدات اور درآمدات کے حوالے سے تعلقات کے لیے مزید راہیں ہموار کریں گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ زراعت پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے جو آبادی کے ایک اہم حصے کو روزگار فراہم کرتی ہے اور پاکستان کی جی ڈی پی کی نمو میں خاطر خواہ حصہ ڈال رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان زرعی بنیادوں پر تجارتی تعلقات کے بے پناہ امکانات ہیں اور کانفرنس نے اس پوٹینشل کو کھولنے کے ہمارے عزم کو اجاگر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان زرعی شعبے کے لیے چینی تجربات سے سیکھنے کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہاہم ریگولیٹری فریم ورک کو آسان بنانے، تجارتی رکاوٹوں کو کم کرنے اور کاروبار کے فروغ کے لیے سازگار ماحول کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔