امام مسجد نبوی ﷺ کی گورنر سندھ ہاوس اسلام آباد آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا، گورنر سندھ

ہفتہ 10 اگست 2024 19:56

امام مسجد نبوی ﷺ کی گورنر سندھ ہاوس اسلام آباد آمد پر ان کا پرتپاک ..
کراچی/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2024ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے امام مسجد نبوی ﷺڈاکٹر صلاح ال بدیرکا گورنر سندھ ہائوس اسلام آباد آمد پر پرتپا ک استقبال کیا۔ اس موقع پر سعودی عرب کے سفیرنواف بن سعید المالکی بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ کی درخواست پر امام مسجد نبوی ﷺ نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کیں۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرسندھ نے امام مسجد نبوی ﷺ کو گورنر سندھ ہائوس اسلام آباد آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا،امام مسجد نبوی ﷺ کے دورہ کی برکت سے پاکستان کے مسائل حل ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ عہدے آنے جانے کے لئے ہوتے ہیں اور عہدے ہمیشہ نہیں رہتے، کچھ ایسا کر جائیں کہ لوگ آپ کو یاد رکھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ آج گورنر ہائوس میں 50 ہزار نوجوان آئی ٹی کورسز مکمل کرنے جارہے ہیںیہ آئی ٹی کورسز کرنے والے آج 300 سے 600 ڈالرز ماہانہ کما رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر اس پر کسی کو مسئلہ ہے تو میں کچھ نہیں بول سکتا ہوں، آج گورنر ہائوس کے دروازے عام لوگوں کے لئے کھل چکے ہیں، حیدرآباد میں آئی ٹی کورسز کے لئے 80 ہزار نوجوانوں سے ٹیسٹ لئے اور جلد حیدرآباد میں بھی آئی ٹی یونیورسٹی بننے جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک اللہ تعالیٰ نے اس منصب پر بٹھائے رکھا یہ سلسلہ جاری رہے گا،عوام کی خدمت پر یقین رکھتا ہوں، سیاست ہم نے نہیں کرنی، گورنر شپ کا رہنا یا نہ رہنا یہ بالکل ان کا اختیار ہے،کبھی یہ ڈیمانڈ نہیں کی کہ مجھے ہی گورنر رکھیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ گزشتہ روز گورنر ہائوس میں پریس کانفرنس میں جشن آزادی کے حوالہ سے آگاہی دی کہ 14 اگست کے روز گورنر ہائوس میں جشن آزادی کی تقریب میں ایک ملین لوگوں کی شرکت متوقع ہے، جشن آزادی کے پروگرام میں معروف گلوکار عاطف اسلم، راحت فتح علی، عابدہ پروین اور علی ظفر عوام کے لئے پرفارم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کورسز کے ساتھ راشن ڈرائیو کا سلسلہ بھی جاری ہے، موٹر سائیکلیں، لیپ ٹاپ بھی تقسیم کئے جا رہے ہیں، رمضان المبارک میں عوامی افطاری شروع کی، لوگ گورنر ہائوس آکر افطاری کرتے ہیں۔