Live Updates

’فیض حمید کا ناصرف کورٹ مارشل ہو بلکہ نشان عبرت بھی بنانا چاہیئے‘ مریم نواز کا پرانا بیان وائرل

گزشتہ روز سابق آئی ایس آئی چیف کو گرفتار کرنے کے بعد ان کے خلاف کورٹ مارشل کی کارروائی کا آغاز کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 13 اگست 2024 12:03

’فیض حمید کا ناصرف کورٹ مارشل ہو بلکہ نشان عبرت بھی بنانا چاہیئے‘ ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اگست 2024ء ) سابق آئی ایس آئی چیف لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کو گرفتار کرنے کے بعد ان کے خلاف کورٹ مارشل کی کارروائی کا آغاز ہونے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا پرانا بیان وائرل ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق 8 مارچ 2023 کو ایک انٹرویو کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ ن کی سینیئر نائب صدر مریم نواز نے مطالبہ کیا تھا کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کا کورٹ مارشل ہونا چاہیئے، انہوں نے یہ بات وی نیوز سے گفتگو میں کہی تھی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ فیض حمید نے 2 سال مسلم لیگ ن کی حکومت گرانے اور 4 سال عمران خان حکومت کی حمایت کے ذریعے ملک تباہ کرنے میں کردار ادا کیا، سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کا کورٹ مارشل ہونا چاہیے، غیر آئینی کردار ادا کرنے پر سابق ڈی جی آئی ایس آئی کو نشانِ عبرت بنانا چاہیئے تاکہ آئندہ پھر کسی کو اس قسم کی جرأت نہ ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب جنرل فیض حمید حاضر سروس ڈی جی آئی ایس آئی تھے تو میں ان کے خلاف عدالت گئی، میں نے درخواست جمع کرائی اور ثبوت پیش کیے جس میں سب سے بڑا ثبوت یہ تھا کہ جنرل فیض اس وقت کے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج شوکت عزیز صدیقی کے گھر گئے اور ان کو کہا تھا کہ ہماری 2 سال کی محنت ہے، نواز شریف اور مریم کو آپ نے سزا دینی ہے اور ضمانت نہیں دینی۔

مریم نواز نے کہا کہ 2 سال جو جنرل فیض محنت کرتے رہے، اس کے بعد جو عمران کو لانے کے بعد 4 سال اس ملک کو تباہ و برباد کرنے کی محنت کی ہے، اس پر نا صرف ان کا کورٹ مارشل ہونا چاہیے بلکہ ان کو نشانِ عبرت بھی بنانا چاہیے تاکہ آئندہ پھر کسی کو اس قسم کی جرأت نہ ہو، یہ ایک یا دو یا چند افراد ہوتے ہیں جو اپنی ان حرکتوں کی وجہ سے اداروں کی بدنامی کا باعث بنتے ہیں، میرا خیال ہے اداروں کو بھی ایسے تمام افراد کو سزا دینی چاہیے، ان کا احتساب کرنا چاہیے جو اداروں کی بدنامی کا باعث بنے اور جن کی وجہ سے اداروں پر انگلیاں اٹھی ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات