حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

پٹرول کی فی لیٹر قیمت 8 روپے 47 پیسے جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 6 روپے 7 پیسے کمی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا

muhammad ali محمد علی منگل 13 اگست 2024 22:34

حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13اگست 2024 ) حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے ایک روز قبل ہی پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا۔ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 اگست کے بجائے 14 اگست سے کمی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق پٹرول کی فی لیٹر قیمت 8 روپے 47 پیسے جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 6 روپے 7 پیسے کمی کر دی گئی۔

یوں پٹرول کی نئی فی لیٹر قیمت 260 روپے 96 پیسے جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 266 روپے 7 پیسے ہو گی۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گا۔ بتایا گیا ہے کہ پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 11 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے کمی کی سفارش کی گئی تھی، تاہم حکومت نے پٹرول 8 روپے اور ڈیزل 6 روپے سستا کرنے کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

وزارت پٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کے مطابق قیمتوں میں کمی عالمی سطح پر خام تیل سستا ہونے سے ممکن ہوئی۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق ورکنگ کا آغاز 2 روز قبل کر دیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے 31جولائی کو بھی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تھا۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق بتایا گیا تھا کہ پٹرول کی قیمت میں 6 روپے 17 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 86 پیسے کی کمی کردی گئی تھی۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 269 روپے 43 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی نئی قیمت 272 روپے 77 پیسے فی لٹر ہوگئی تھی۔اس کے علاوہ مٹی کے تیل اور لائٹ سپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں بھی کمی کی گئی تھی۔ بتایا گیا تھا کہ مٹی کا تیل 6 روپے 32 پیسے کمی کیساتھ 177 روپے 39 پیسے جبکہ لائٹ سپیڈ ڈیزل 5 روپے 72 پیسے کمی کیساتھ 160 روپے 53 پیسے فی لیٹر ہوگیاتھا۔وزیراعظم کی منظوری کے بعد وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کیا تھا جس کے مطابق 31 جولائی کی رات کو اعلان کردہ قیمتوں کا اطلاق 15 اگست تک کیلئے ہو گا۔