Live Updates

30 سال گجرات کے نام پر سیاست کرنے والے شہر کا سیوریج تک نہیں ڈال سکے

چوہدری صاحب! عوام آپ کی حکومت کی کرپشن اور رشتہ داروں کو نوازنے کی پالیسی سے اچھی طرح آگاہ ہے، مریم نواز نے3 دن میں گجرات کلیر کرکے آپ کا منہ دھو دیا،عظمی بخاری کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 13 ستمبر 2025 23:01

30 سال گجرات کے نام پر سیاست کرنے والے شہر کا سیوریج تک نہیں ڈال سکے
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 13 ستمبر 2025ء ) وزیراطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ گجرات کے پانی کی نکاسی کے ایک ہفتے بعد پرویز الہیٰ کو ہوش آیا ہے۔ ان کا بیان دراصل اُن کے اپنے خلاف ایک چارج شیٹ ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ چوہدری صاحب! عوام آپ کی حکومت کی کرپشن اور رشتہ داروں کو نوازنے کی پالیسی سے اچھی طرح آگاہ ہیں۔

گجرات آپ کے وائٹ پیپر منصوبوں اور نام نہاد ترقیاتی کاموں کی وجہ سے ڈوبا ہے۔ گجرات میں ترقیاتی منصوبوں کے نام پر لوٹ مار کرنے والے آج ہمیں کس منہ سے طعنے دے رہے ہیں؟ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چوہدری پرویز الٰہی کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کیا۔وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا کہ جن کے لیڈر کے منصوبے صرف لنگر خانے اور پناہ گاہیں تھے، وہ بھی آج بولنے لگے ہیں، یہ بھی اللہ کی شان ہے۔

(جاری ہے)

مریم نواز نے تین دن میں گجرات کو صاف کرکے باپ بیٹے کا منہ دھو دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا کارنامہ ہے کہ اس نے ضلع کی سطح سے شروع ہونے والی ڈبل ون ڈبل ٹو سروس کو پورے صوبے تک پھیلایا۔ مستقبل میں عوام کو سیلابی پانی سے محفوظ بنانے کے لیے طویل اور قلیل المدتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اگر واقعی عوام کا اتنا درد ہے تو حکومت پر تنقید کرنے کے بجائے آئیں اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں۔

یاد رہے اس سے قبل پی ٹی آئی رہنماء و سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ہماری ساڑھے 5 ماہ کی حکومت کے، فنڈز نہ روکے جاتے تو گجرات نہ ڈوبتا۔گجرات میں تقریب سے خطاب میں پرویز الٰہی نے کہا کہ مخالفین مارے مارے پھر رہے ہیں کہ گجرات کے لیے پیکیج لے کر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا 1122 کا منصوبہ ہی کافی ہے، ن لیگ ہمارے منصوبے جیسا کوئی ایک منصوبہ لا کر دکھائے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے کام میں برکت نہیں، بانی پی ٹی آئی لوگوں کے دلوں میں بستے ہیں۔اس موقع پر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اڈیالہ جیل سے بانی کا پیغام لیکر حاضر ہوا ہوں، ہمارے عوام دوست منصوبوں کو عوام دشمن حکومت نے چلنے نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ بانی کا حکم ہے کہ مشکل گھڑی میں ورکرز عوام کے ساتھ کھڑے ہوں، پی ٹی آئی چوہدری پرویز الٰہی کے ساتھ کھڑی ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات