Live Updates

حکومت نے سیلاب زدہ علاقوں میں صارفین سے اگست 2025 کے بجلی کے بلوں کی وصولی روک دی

آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات طے پانے کے بعد متاثرہ علاقوں کے لیے بجلی کے بلوں کے حوالے سے تفصیلی پیکیج کا حتمی اعلان کیا جائے گا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 13 ستمبر 2025 21:47

حکومت نے سیلاب زدہ علاقوں میں صارفین سے اگست 2025 کے بجلی کے بلوں کی وصولی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 ستمبر2025ء) حکومت نے سیلاب زدہ علاقوں میں صارفین سے اگست 2025 کے بجلی کے بلوں کی وصولی روک دی، آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات طے پانے کے بعد متاثرہ علاقوں کے لیے بجلی کے بلوں کے حوالے سے تفصیلی پیکیج کا حتمی اعلان کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیرِ صدارت متاثرہ علاقوں میں بجلی کے بِلوں کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں اعلیٰ حکام نے شرکت کی، وزیراعظم نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو سیلاب زدہ علاقوں میں صارفین سے اگست 2025 کے بجلی کے بلوں کی وصولی سے فوری طور پر روک دیا۔

وزیراعظم نے کہاکہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات طے پانے کے بعد متاثرہ علاقوں کے لیے بجلی کے بلوں کے حوالے سے تفصیلی پیکیج کا حتمی اعلان کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ جن سیلاب متاثرہ صارفین سے اگست 2025 کا بجلی کا بل وصول کیا جا چکا ہے وہ آئندہ ماہ ایڈجسٹ کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ سیلاب نے پورے پاکستان میں لاکھوں لوگوں کو متاثر کیا ہے، مشکل کی اِس گھڑی میں عوام کے دُکھوں پر مرہم رکھنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ متاثرین کے ریسکیو و بحالی کے لیے وفاقی و صوبائی ادارے اپنی تمام تر کوششیں کررہے ہیں اور جب تک سیلاب متاثرین اپنے گھروں میں واپس نہیں چلے جاتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
                                                                                                           
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات