Live Updates

دریائے سندھ، ستلج، چناب اور راوی میں سیلابی صورتحال برقرار، پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے

راوی میں سدھنائی، ستلج میں گنڈاسنگھ والا، سندھ میں گڈوبیراج اور چناب میں ہیڈپنجند کے مقام پراونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا۔ فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 13 ستمبر 2025 20:14

دریائے سندھ، ستلج، چناب اور راوی میں سیلابی صورتحال برقرار، پانی کی ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 13 ستمبر 2025ء ) ملک میں دریائے سندھ، ستلج، چناب اور راوی میں سیلابی صورتحال برقرار، پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔ میڈیا کے مطابق فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے تحت ملک میں وسیع پیمانے پر سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد بھی ابھی تک بڑے دریاؤں میں سیلاب کی صورتحال برقرار ہے، بڑے دریاؤں میں راوی میں سدھنائی، ستلج میں گنڈاسنگھ والا، سندھ میں گڈوبیراج اور چناب میں ہیڈپنجند کے مقام پر پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ دریائے چناب میں ہیڈ پنجند کے مقام پر پانی کا اخراج 4 لاکھ 94 ہزار147 کیوسک تک پہنچنے کے باعث اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے سندھ میں گڈوبیراج پر پانی کا اخراج 5 لاکھ 32 ہزار 72 کیوسک ہونے کے باعث اونچے درجے کا سیلاب اور سکھربیراج پر 4 لاکھ 22 ہزار 400 کیوسک پانی کا اخراج ہے اور درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔

(جاری ہے)

دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا اخراج 89 ہزار60 کیوسک اور درمیانے درجے کا سیلاب جاری ہے۔

سلیمانکی کے مقام پر اخراج 69 ہزار19 کیوسک اور نچلے درجے کا سیلاب جبکہ ہیڈ اسلام پر بھی پانی کا اخراج 82 ہزار 155 کیوسک ہونے کے باعث درمیانے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔ دریائے راوی میں سدھنائی کے مقام پر پانی کا اخراج 41 ہزار 335 کیوسک اور نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ دوسری جانب پاکستان میں اپنی طرز کا پہلا ایئر لفٹ ڈرون ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے، ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق جن متاثرہ علاقوں اور مقامات تک کشتیوں سے رسائی ممکن نہیں وہاں ڈرونز سے بیک وقت 200 کلوگرام تک خوراک، ادویات اور امداد پہنچائی جا رہی ہے۔

جنوبی پنجاب میں جاری ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے اپنی طرز کا پہلا آپریشن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی کی بدولت سول ڈیفنس پنجاب سیلاب میں پھنسے افراد کیلئے امید کی کرن بن گیا ہے اور 50 کلومیٹر سے زائد فاصلے پر پھنسے افراد کو ڈرون کی مدد سے خوارک اور ادویات پہنچائی جا چکی ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ سول ڈیفنس پنجاب ڈرونز کی مدد سے سیلاب میں پھنسے افراد کو دور دراز علاقوں میں تلاش کر رہا ہے۔ ایئر لفٹ ڈرونز ایک وقت میں 200 کلوگرام تک وزنی شخص یا سامان کو اٹھا کر محفوظ طریقے سے مطلوبہ مقام تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات