سعودی عرب نے خیبرپختونخوا میں فوجیوں کی شہادت کی شدید مذمت کی

سعودی عرب کا شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ افسوس کا اظہار، یکجہتی کا اعادہ

ہفتہ 13 ستمبر 2025 21:25

سعودی عرب نے خیبرپختونخوا میں فوجیوں کی شہادت کی شدید مذمت کی
سلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 ستمبر2025ء) سعودی عرب نے خیبرپختونخوا کے علاقے میں دہشت گردوں کی طرف سے فوجیوں کو نشانہ بنانے والے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے، جس میں 12 پاکستانی فوجی جوان شہید ہو گئے۔ سعودی عرب نے اس حملے کو "فتنہ الہندوستان" کی بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے اس کی بھرپور مذمت کی اور پاکستانی حکومت و عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

سعودی وزارتِ خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے مضبوط برادرانہ تعلقات کو تسلیم کرتا ہے اور اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ سعودی عرب نے اس حملے میں شہید ہونے والے فوجیوں کے خاندانوں کے ساتھ گہری ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا۔ سعودی عرب نے شہدائ کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا بھی کی۔

(جاری ہے)

سعودی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ دہشت گرد حملہ پاکستان کی سلامتی کے لئے ایک سنگین چیلنج ہے اور سعودی عرب اس حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ سعودی عرب کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کی اس نوعیت کے حملے پاکستان کی فورسز اور عوام کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے اور پاکستان کی حکومت، فوج اور عوام کے ساتھ اس جنگ میں ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔ سعودی عرب نے پاکستان کے شہداء کو قومی ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ایک عظیم مقصد کے لئے ہیں اور ان کا خون ملک کی آزادی اور سالمیت کے لئے ہے۔ سعودی عرب نے پاکستان کے عوام اور حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی حمایت کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا