سینیٹر شیری رحمان کا مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل سے متعلق اقوام متحدہ کی قرارداد کا خیر مقدم

ہفتہ 13 ستمبر 2025 19:57

سینیٹر شیری رحمان کا مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل سے متعلق اقوام متحدہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2025ء)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمان نے مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کی حمایت میں اقوام متحدہ کی قرارداد کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے تاریخی پیش رفت اور اسرائیل کے جارحانہ بیانیے کی شکست قرار دیا ہے۔ہفتہ کو یہاں جاری بیان کے مطابق سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ فلسطینیوں کے خون سے لکھی گئی تاریخ کو اب عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قرارداد کی 142 ووٹوں کی بھاری اکثریت سے منظوری بین الاقوامی برادری کی طرف سے اسرائیل کی یکطرفہ پالیسیوں کو مسترد کرنے کی نشاندہی کرتی ہے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ فلسطین کا مسئلہ بنیادی طور پر انسانی حقوق کا مسئلہ ہے اور اقوام متحدہ کی قرارداد تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کی عکاسی کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے خبردار کیا کہ اسرائیل کی ہٹ دھرمی بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینیوں نے ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں اور اب دنیا کو ان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔شیری رحمان نے کہا کہ دو ریاستی حل ہی مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کی واحد ضمانت ہے اس کے بغیر پائیدار امن ناممکن رہے گا۔ انہوں نے اسرائیل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ عالمی اتفاق رائے کا احترام کرے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے قرارداد کو مسترد کرنا عالمی برادری کی متفقہ مرضی کی توہین ہے۔

پیپلز پارٹی کی سینیٹر نے اسرائیل پر مشرق وسطیٰ میں جان بوجھ کر عدم استحکام کو ہوا دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی امن اور ترقی کے لیے آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ضروری ہے۔انہوں نے مظلوموں کے ساتھ یکجہتی کو ملک کی خارجہ پالیسی کا سنگ بنیاد قرار دیتے ہوئے فلسطین کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔قطر پر اسرائیل کے حالیہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ یہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے قطر کی ثالثی اور امن کی کوششوں پر براہ راست حملہ ہے اور اسرائیل کو اپنی حدود سے تجاوز کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، بین الاقوامی برادری کو فیصلہ کن اقدام کرنا چاہیے۔