آئندہ 24 گھنٹوں میں دریائے چناب میں اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری

جمعرات 15 اگست 2024 13:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2024ء) پی ڈی ایم اے پنجاب نے اگلے 24 گھنٹوں میں دریائے چناب میں اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کردی۔مرالہ خانکی قادر آباد اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں سیلاب کا خدشہ ہے ۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب میں سیلابی پانی کی سطح 2 لاکھ کیوسک سے اڑھائی لاکھ کیوسک تک بڑھنے کا خدشہ ہے، ملتان، گجرات، گوجرانولہ،سرگودھا،فیصل آباد اور ڈیرہ غازی خان کے کمشنرز کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ سیالکوٹ، گجرات،گوجرانولہ،منڈی بہاوالدین، حافظ آباد، سرگودھا، جھنگ، خانیوال، ملتان، کوٹ ادو اور مظفرگڑھ کے ڈی سیز کو بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا نے متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دیں۔

(جاری ہے)

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے پیش نظر تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کریں،ایمرجنسی کنٹرول رومز میں سٹاف کو الرٹ رکھا جائے۔

ریسکیو 1122 کی ڈائزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے،ریسکیو آپریشن کے لیے پٹرول و ڈیزل کا اسٹاک وافر مقدار میں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ عوام الناس کو موجودہ صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جائے،دریائوں کے پاٹ میں موجود مکانوں اور مویشیوں کے انخلا کو یقینی بنائیں،فلڈ ریلیف کیمپس میں خوراک، پینے کے صاف پانی و دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا عوام جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں،ہنگامی انخلا کی صورت میں انتظامیہ سے تعاون کریں،حکومت پنجاب آپکا اور آپکے مال مویشیوں کا پوری طرح سے خیال رکھے گی،شہری ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔