پی ٹی آئی کے گرفتار رکن قومی اسمبلی حاجی امتیاز احمد کے پروڈکشن آرڈر جاری

پروڈکشن آرڈر قومی اسمبلی کے بروز پیر مورخہ 26 اگست 2024ء سے شروع ہونے والے اجلاس کیلئے جاری کیے گئے

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 24 اگست 2024 16:53

پی ٹی آئی کے گرفتار رکن قومی اسمبلی حاجی امتیاز احمد کے پروڈکشن آرڈر ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اگست 2024ء ) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے این اے 68 منڈی بہاؤالدین سے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی حاجی امتیاز احمد چوہدری کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیئے۔ تفصیلات کے مطابق پروڈکشن آڈر قومی اسمبلی کے بروز پیر مورخہ 26 اگست 2024 سے شروع ہونے والے اجلاس کیلئے کیے گئے ہیں، اسپیکر نے پروڈکشن آرڈر قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے طریق کار 2007ء کے قاعدہ 108 کے تحت تفویض شدہ اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے جاری کیے۔

بتایا گیا ہے کہ منڈی بہاؤالدین سے رکن قومی اسمبلی حاجی امتیاز احمد چوہدری ایف آئی آر نمبر17/2024 کے تحت مورخہ 24 جولائی 2024ء سے انٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کی حراست میں ہیں، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل انٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب گورنمنٹ آف پنجاب کو مراسلہ جاری کردیا گیا، مراسلے میں ممبر قومی اسمبلی حاجی امتیاز احمد چوہدری کو قومی اسمبلی کے بروز پیر مورخہ 26 اگست 2024 سے شروع ہونے والے اجلاس میں شرکت کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس 26 اگست کو بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے، قومی اسمبلی کا اجلاس آئین کے آرٹیکل 54 کی شق (1) کے تحت تفویض شدہ اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے طلب کیا گیا، موجودہ اجلاس 16 ویں قومی اسمبلی کا 9 واں اجلاس ہو گا۔ علاوہ ازیں حکومت نے 28 اگست کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے، اراکین قومی اسمبلی اور سینیٹ کو مشترکہ اجلاس سے آگاہ کر دیا گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ اراکین پارلیمنٹ کو مشترکہ اجلاس میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔