کلدیپ یادیو نے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کی خواہش ظاہر کردی

کبھی پاکستان نہیں گیا اس لیے پرجوش ہوں گا، پاکستانی اچھے ہیں ، جب بھی موقع ملے گا وہاں جا کرکھیلیں گے: آسٹریلیا میں گفتگو

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 26 اگست 2024 11:25

کلدیپ یادیو نے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کی خواہش ظاہر کردی
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 اگست 2024ء) بھارتی کرکٹ ٹیم کے اہم کھلاڑی کلدیپ یادیو نے پاکستان جاکر چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ آسٹریلیا میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم کرکٹر ہیں جہاں بھیجا جائے گا، وہاں جاکر کرکٹ کھیلیں گے۔ میں پہلے کبھی پاکستان نہیں گیا اس لیے پرجوش ہوں گا، پاکستانی اچھے ہیں جب بھی موقع ملے گا وہاں جا کرکھیلیں گے۔

(جاری ہے)

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سپنر کلدیپ یادیو اپنی فیملی کے ہمراہ چھٹیاں منانے کےلیے میلبورن گئے ہوئے ہیں، جہاں انہوں نے میلبورن کرکٹ گراؤنڈ کا بھی دورہ کیا تھا۔ بھارتی اسپنر نے میلبورن میں دنیائے کرکٹ کے عظیم لیگ سپنر شین وارن کے مجسمے کے ساتھ تصویر بھی بنوائی۔ یاد رہے چیمپئنز ٹرافی 2025ء کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے جو فروری مارچ میں پاکستان کے تین شہروں میں شیڈول ہے۔ دوسری جانب بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے کا معاملہ فی الحال یقینی نہیں ہے، بی سی سی آئی نے معاملہ بھارتی حکومت پر چھوڑ رکھا ہے۔