پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کا امکان

بدھ 4 ستمبر 2024 12:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2024ء) پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کا امکان ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے تمام دریائوں و ندی نالوں میں پانی کا بہائو نارمل سطح پر ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ دریائے سندھ، چناب ،راوی ،جہلم اور ستلج میں پانی کا بہائو نارمل لیول پر ہے،ہل ٹورنٹس میں سیلابی وارننگ کے پیش نظر پی ڈی ایم اے و مقامی انتظامیہ الرٹ ہیں۔

(جاری ہے)

سیا لکوٹ نالہ ایک میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے، منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 80 فیصد ،تربیلا ڈیم میں 100 فیصد ہے جبکہ بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح 60 فیصد، بھاکڑا ڈیم 60فیصد پونگ 61اور تھین ڈیم میں پانی کی سطح 28 فیصد تک ہے۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے پیش نظر پی ڈی ایم اے و متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔شہریوں کے تحفظ کےلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں،عوام سے التماس ہے کہ مون سون بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں،ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔