لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز جامشورو میں یوم آزادی اور یوم دفاع کے حوالے سے تقریب کا اہتمام

بدھ 4 ستمبر 2024 16:45

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2024ء) لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز جامشورو میں یوم آزادی اور یوم دفاع کے حوالے سے ایوانِ آزادی کے عنوان سے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں اردو، انگریزی اور سندھی زبانوں میں مضمون نگاری، تقریری مقابلہ اور ملی نغموں کے مقابلے منعقد ہوئے۔ اس موقع پر خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وائیس چانسلر لمس پروفیسر ڈاکٹر اکرام دین اُجن نے کہا کہ 6 ستمبر پاکستان کی تاریخ میں ایک تاریخ ساز دن ہے کیونکہ آج سے 59 سال قبل اس دن پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے دشمن کی جارحیت کو کامیابی سے پسپا کیا اور وطن کا دفاع کیا۔

پاکستانی عوام نے بے مثال قومی اتحاد کا مظاہرہ کیا اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ہر سال اس دن ہم اپنے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ملک کے دفاع کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، یہ بڑے فخر کی بات ہے کہ قوم اور مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی اسی جذبے، حوصلے اور عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔

پوری قوم کی غیر متزلزل حمایت سے ہماری مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں، پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسیوں نے اس مشکل جنگ کا مقابلہ کرتے ہوئے پرعزم حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز کے نتائج نمایاں ہیں یہ کامیابیاں ہمارے عوام کی ہمت اور افواج پاکستان کی قربانیوں کا نتیجہ ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے عوام نے جتنی قربانیاں دی ہیں کسی اور قوم نے نہیں دی ہیں۔