قومی ٹیم کا اچھا وقت جلد آئے گا: سرفراز احمد

مجھے لگتا ہے میں کرکٹ کھیل سکتا ہوں تو کھیل رہا ہوں، جب لگے گا نہیں کھیل سکتا تو نہیں کھیلوں گا، نوجوان کھلاڑی پرفارم کریںگے تو ٹیم میں خود بخود جگہ بن جائیگی : سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 4 ستمبر 2024 17:04

قومی ٹیم کا اچھا وقت جلد آئے گا: سرفراز احمد
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 ستمبر 2024ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ٹیم کا برا وقت چل رہا ہے، امید کرتے ہیں اچھا وقت جلد آئے گا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی سرفراز احمد نے ایک بیان میں کہا کہ سب کی خواہش ہے پاکستان میں کرکٹ بہتر ہو، کوشش کریں گے پاکستان کرکٹ ٹیم کو اچھے لڑکے مل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کو بہتر کرنے کیلئے سب کو کام کرنا ہوگا، ٹیم کا برا وقت چل رہا ہے امید کرتے ہیں اچھا وقت جلد آئیگا، مشکل وقت کے بعد ہمیشہ پاکستان کرکٹ ٹیم کھڑی ہوتی ہے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ بہتر سے بہتر ہونی چاہیے، ملک بھر سے اچھے لڑکے سلیکٹ کر کے ان کو آگے لائیں گے، ساری ورکنگ کرنے کے بعد ہم نے پلیئرز کو سلیکٹ کیا۔

(جاری ہے)

قومی کھلاڑی کا کہنا تھا کہ انڈر19 میں ہمارے پاس زبردست فاسٹ بالر ہیں، ڈومیسٹک سیزن اور انڈر19 پر مشتمل ٹیم بنائی ہے، ٹیم اچھی ہونے سے چیزیں آسان ہوجاتی ہیں، امید ہے اچھا کام کرکے رزلٹ دیں گے۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے میں کرکٹ کھیل سکتا ہوں تو کھیل رہا ہوں، جب لگے گا کرکٹ نہیں کھیل سکتا تو نہیں کھیلوں گا، نوجوان کھلاڑی پرفارم کریں گے تو ٹیم میں خودبخود جگہ بن جائیگی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جو سینئر لڑکے ٹیم میں ہیں انہوں نے پرفارمنس دے کر جگہ بنائی، جب وقت آئے گا تو جونیئر خود سینئر کی جگہ لے لیں گے۔ واضح رہے کہ 37 سالہ سرفراز احمد 54 ٹیسٹ ،117 ون ڈے اور 61 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں جن میں انہوں نے مجموعی طور پر 6164 رنز بنانے کے علاوہ 315 کیچز اور 56 سٹمپڈ کئے ہیں۔

انہوں نے تینوں فارمیٹس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت بھی کی ہے۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے 2017ء میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی۔ اس سے قبل ان کی قیادت میں پاکستان 2006ء میں انڈر 19 ورلڈ کپ بھی جیتا تھا۔ سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی کی عالمی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرچکی ہے۔ وہ پہلے پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر ہیں جنہوں نے ورلڈ کپ (2015ء) میں سنچری سکور کی ہے۔