تعلیمی ایجوکیشن بورڈ راولپنڈی کا انٹرمیڈیٹ امتحان کا اعلان ، کامیاب امیدواران کی شرح56.75فیصد رہی

بدھ 4 ستمبر 2024 17:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2024ء) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی نے انٹرمیڈیٹ امتحان کے پہلے سالانہ نتائج 2024کا اعلان کر دیا۔ مرکزی تقریب فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں رکن قومی اسمبلی محمد حنیف عباسی نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد خان اور ای ڈی آئی بی سی سی غلام علی نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔

اراکین صوبائی اسمبلی پنجاب فلک شیر اعوان، عاصمہ عباسی،تحسین فواد،رفعت عباسی،عمران الیاس چوہدری،عمر فاروق، چیئرمین راولپنڈی بورڈ محمد عدنان خان، سیکرٹری راولپنڈی بورڈ آصف حسین، ڈائریکٹر کالجز راولپنڈی پروفیسر شیر احمد ستی سمیت محکمہ تعلیم کے عہدیداران نے تقریب میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

انٹرمیڈیٹ کے پہلے سالانہ امتحان میں 38ہزار 7سو 34 طالبات جبکہ 24ہزار 5سو57طلبہ نے شرکت کی۔

مرد امیدواران کی کامیابی کی شرح 45.87 جبکہ طالبات کی کامیابی کی شرح 63.65 فیصد رہی۔مجموعی طور پر کامیاب ہونے والے امیدواران کی شرح56.75 فیصد رہی۔ نتاشا رضوان نے 1142 نمبر لے کر اول پوزیشن حاصل کی۔مجموعی طور پر محمد نذیر اختر اور ایاز شبیر نے 1141 نمبر لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی۔مجموعی طور پر فرح راشد نے 1140 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔

نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو میڈلز اور انعامات سے نوازا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی نے کہا کہ نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات اور ان کے والدین کو خصوصی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔آج کے کامیاب نوجوانوں سے وطن عزیر کا مستقبل وابستہ ہے۔ عدنان خان کی سربراہی میں بورڈ نے بروقت نتائج یقینی بنائے جو قابل ستائش ہے۔

طلبہ و طالبات کو تمام جدید سہولیات دیں گے تاکہ انہیں معیاری تعلیم میسر ہو۔ ملک کا مستقبل نوجوان نسل کی محنت سے وابستہ ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹرمختار احمد خان نے کہا کہ اساتذہ بچوں کی کردار سازی میں انتہائی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ علم کی شمع روشن کر کے تمام چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔