یوم دفاع پر افواج پاکستان کو سلام پیش کرتے ہیں،علیم خان

جمعہ 6 ستمبر 2024 10:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2024ء) صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے 6ستمبر یوم دفاع حوالے سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس سال ہم سب کو یوم دفاع کو "یوم وفا" کے طور پر منانے کا عہد کرنا چاہیے کیونکہ افواج پاکستان ساری قوم کا فخر ہے اور "سپا ہ سے وفا"میں ہی وطن عزیز کی بقا مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ6 ستمبر1965کو بہادر افواج نے دشمن کو سبق سکھاتے ہوئے جرات اور بہادری کی جو داستانیں رقم کیں انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہمارے جوانوں نے کم سے کم وسائل کے ساتھ اپنے سے بڑے دشمن کو زیر کر دکھایا۔وطن عزیز کو آج بھی دہشتگردی اور دشمن کی ناپاک چالوں کا سامنا ہے اور ان مشکل حالات میں ایک بار پھر ہر پاکستانی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے عہد کی تجدید کرتا ہے۔صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے کہا کہ 6ستمبر کا دن ہم سب کے لہو کو گرماتا اور مادر وطن کے لئے قربانیوں کے عزم کو تازہ کرتا ہے اور یوم دفاع پر ہم سب افواج پاکستان کو سلام پیش کرتے ہیں۔