دفعہ 144 کی خلاف ورزی کیس، دانیال عزیز پر فرد جرم عائد

پیر 9 ستمبر 2024 20:12

نارووال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2024ء) سینئر سیاستدان اور سابق ممبر قومی اسمبلی دانیال عزیز چوہدری پر پولیس کو دھمکیاں دینے اور الیکشن کے دن دفعہ 144کی خلاف ورزی کے مقدمے میں باضابطہ طورپر فرد جرم عائد کر دی گئی۔دانیال عزیز شکر گڑھ کی عدالت میں جوڈیشل مجسٹریٹ شاہد جاوید کے سامنے پیش ہوئے۔دانیال عزیز کے وکیل نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے مقدمے کے شفاف ٹرائل کا مطالبہ کر دیا ۔

دانیال عزیز کو آج فوجداری مقدمہ میں طلب کر رکھا تھا ۔

(جاری ہے)

دانیال عزیز پرالیکشن کے روز پولیس کو دھمکیاں اور دفعہ 144کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج تھا،الیکشن کے دن دانیال عزیز کو اسی مقدمہ کی بنیاد پر گرفتاری کے بعد دو روز بعد ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔دانیال عزیز کے وکیل کے مطابق تھانہ صدر میں پولیس سب انسپکٹر کی مدعیت میں درج مقدمہ نمبر 61/24مجسٹریٹ حافظ شاہد جاوید نے فرد جرم عائد کی ۔ دانیال عزیز نے صحت جرم سے انکار اور شفاف ٹرائل کا مطالبہ کیا ہے۔عدالت نے فرد جرم عائد کرتے ہوئے پراسکیوشن کو ریکارڈ و گواہان سمیت 25ستمبر تک مقدمہ کی سماعت کو ملتوی کر دیا ہے۔