وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ دورہ امریکا مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے،چیف سیکرٹری سندھ اور جاپانی سفیر کی ملاقات

منگل 10 ستمبر 2024 22:23

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ  دورہ امریکا مکمل کرکے وطن واپس پہنچ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2024ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ دورہ امریکا مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے،واپسی کے بعد ان سے چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے ملاقات کی اور انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے جاپان کے سفیر وادا مستوہیرو نے بھی ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات اور تجارت پر بات چیت کی۔

جاپانی سفیر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان جاپان کو گارمینٹس اور زرعی اجناس برآمد کرتا ہے جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جاپان کو آم برآمد کرنے کیلئے سندھ حکومت اقدامات کر رہی ہے۔جاپانی سفیر نے کہا کہ اچھے معیار کے آموں کی جاپان میں اچھی مارکیٹ ہے۔ جاپان کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

مراد علی شاہ نے بتایا کہ سندھ میں نئے اکنامک زون قائم ہو رہے ہیں، جاپان کے سرمایہ کاروں کو ہم سندھ میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں، ملاقات میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور متاثرین کی بحالی پر بھی بات چیت ہوئی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ موسمی تبدیلیوں کے باعث سندھ میں معمول سے زائد بارشیں ہو رہی ہیں،جائیکا سندھ حکومت کے ساتھ کام کر رہی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ اسمبلی کے جاری اجلاس میں بھی شرکت کی۔سیشن کے دوران انہوں نے سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے ان کی نشست پر جا کر ملاقات کی۔سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعلیٰ سندھ سے خواتین اراکین اسمبلی نے بھی آکر ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔