ملک کے جید عالم دین ،جامعہ اشرفیہ لاہور کے استاذ الحدیث مولاناعبدالرحیم چترالی انتقال کر گئے

جامعہ اشرفیہ لاہور میںمرحوم کی نماز جنازہ مولانا سلمان حجازی نے پڑھائی ،بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت مرحوم 50 سال تک جامعہ اشرفیہ لاہور میں بطور استاذ علم دین پڑھاتے رہے، لاہور میں سپرد خاک

جمعہ 13 ستمبر 2024 19:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2024ء) جامعہ اشرفیہ لاہور کے استاذ الحدیث نامور جید عالم دین مولاناعبدالرحیم چترالی علالت کے بعد 71 سال کی عمر میںلاہور میں انتقال کر گئے ۔مرحوم جامعہ اشرفیہ لاہور کے فاضل اور جامعہ اشرفیہ لاہور ہی میں استاذ الحدیث کے منصب پر تھے ،انہوںنے تقریباً50 سال تک جامعہ اشرفیہ لاہور میں حدیث اور دینی علوم فنون کی دیگر کتب پڑھائیں ۔

اس دوران ہزاروں طلباء نے آپ سے علم حاصل کیا جوملک و بیرون ملک اسلام کی اشاعت اور دین کی خدمت میں مصروف عمل ہیں ۔مرحوم چترال میں سلسلہ نقشبندیہ کے عظیم بزرگ حضرت مولانا مستجاب نقشبندی ؒ سے بیعت اور ان کے خلیفہ مجاز انتہا ئی متقی ،پرہیز گار اورنیک سیرت انسان تھے ۔مولاناعبدالرحیم چترالی مرحوم نے ایک بیوہ 2 بیٹے مولانا محمد نعمان چترالی،مولانا محمد مستجاب چترالی اور دو بیٹیوں سمیت ہزاروںشاگرداور لاکھوں عقیدت مند سوگوار چھوڑے ۔

(جاری ہے)

مرحوم کی نماز جنازہ جامعہ اشرفیہ لاہور میں مولانا محمدسلمان حجازی نے پڑھائی جس میںمہتمم مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی، نائب مہتمم و ناظم اعلیٰ مولانا قاری ارشد عبید،مولانا حافظ اسعد عبید،مولانا حافظ زبیر حسن ،مولانا اجود عبید،مولانا فیاض الدین چترالی ،خواجہ اعجاز احمد سکا،مولانا اسد اللہ فاروق نقشبندی،مولانا صوفی عتیق الرحمن سمیت دیگر اساتذہ ، علماء ، طلباء ،عزیزو اقارب اور شاگردوں سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔بعد میں مرحوم کو مقامی قبرستان شیرشاہ اچھرہ لاہور میں سپرد خاک کر دیا ۔

متعلقہ عنوان :