Live Updates

اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کے اثرات صرف دو ممالک تک محدود نہیں رہیں گے، رکن اسمبلی سید نوید قمر

ان کے براہِ راست اثرات پورے خطے کے امن، و استحکام اور معیشت پر پڑیں گے۔ اسرائیلی جارحیت پوری دنیا کے امن کے لیے خطرہ بن چکی ہے، خطاب

پیر 16 جون 2025 23:17

اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کے اثرات صرف دو ممالک تک محدود نہیں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2025ء) سابق وفاقی وزیر اور رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کے اثرات صرف دو ممالک تک محدود نہیں رہیں گے، بلکہ ان کے براہِ راست اثرات پورے خطے کے امن، و استحکام اور معیشت پر پڑیں گے۔ اسرائیلی جارحیت پوری دنیا کے امن کے لیے خطرہ بن چکی ہے اور اقوامِ متحدہ کو چاہیے کہ وہ اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

یہ بات انہوں نے ٹنڈو محمد خان میں او جی ڈی سی ایل کی جانب سے مقامی اسپتالوں کو ایمبولینس فراہم کرنے کی تقریب سے خطاب کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔سید نوید قمر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وفاقی حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کو "رائٹ سائزنگ" کی آڑ میں نکالنے کے فیصلے کی سخت مخالفت کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

ہم ملازمین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔

انہوں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک-بھارت جنگ کے دوران بلاول بھٹو نے پاکستان کا سچا اور دلیرانہ مقف دنیا کے سامنے پیش کیا، جس کی وجہ سے سفارتی محاذ پر بھارت کو شکست ہوئی۔پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی مسائل کو اجاگر کرتی آئی ہے اور قومی مفادات پر کبھی سودے بازی نہیں کی۔سید نوید قمر نے ٹنڈو محمد خان-سجاول روڈ کی خستہ حالی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے اس روڈ کے لیے 10 ارب روپے کا فنڈ مختص کیا ہے، کیونکہ اس سڑک پر ہونے والے حادثات کے باعث قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔

انہوں نے یقین دلایا کہ جلد ہی اس منصوبے پر کام شروع کیا جائے گا اور عوام کو محفوظ سفر کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ٹنڈومحمدخان شاہزیب شیخ ، میونسپل وائس چئیرمین عبدالکریم شیخ ، میر علی رضا ٹالپر اور دیگر بھی موجود تھے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات