تارکین وطن کی آڑ میں بنگلہ نژاد وں کو ہراساں کرنا صریح ناانصافی ہے،مسلم لیگ شیربنگال

غیر ملکیوں کے خلاف کارروائی ضرور کریں لیکن محب وطن بنگلہ نژادوں کو نشانہ بنانے سے گریز کریں ورنہ نتائج کی ذمہ دار خودانتظامیہ ہوگی، ناصر منابھائی

اتوار 15 ستمبر 2024 18:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2024ء) حکومت کی جانب سے ہرچند سال بعد غیر قانونی تارکین وطن کی ملک میں موجودگی کے ضمن میں کارروائیوں کا اعلان ہوتاہے اور اسے بنیاد بناکرپاکستانی بنگلہ نژاد شہریوں کو اسپیشل برانچ، بنگلہ دیش سیل ، نارا اور دیگر ایجنسیوں واداروں کے ذریعے مقدمات ، گرفتاری ، سزا، ہراساں کئے جانے کا عمل شروع کردیا جاتاہے ، یہ تعصبی عمل غیر ملکی تارکین وطن کے نام پر اس مرتبہ بھی ہوا تومسلم لیگ شیربنگال کا رد عمل شدید نوعیت کا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ شیربنگال کے قائمقام صدر ناصر احمد منابھائی، سیکریٹری جنرل مامون الرشیدایڈووکیٹ،نائب صدورمحمدالیاس، مظفر احمد،جوائنٹ سیکریٹریز ،ڈاکٹر جہانگیر، عارف اعوان ایڈووکیٹ ، مولانا محمودالحسن ، لیڈیز ونگ کی سربراہ مہنا ز مامون ، نورعالم ، امیرحسین قادری ، حافظ عبدالحق بیانی ، حمیدالحق ، عبداللہ دیگر نے گذشتہ روز سندھ اسمبلی میں منظور ہونے والی قرارداد پر اظہار خیال کرتے ہوئے مرکزی مجلس منتظمہ کے اجلاس میں کیا۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ شیربنگال کے قائمقام صدر ناصرمنابھائی نے کہاکہ بنگلہ نژاد پاکستانی ملک کے محب وطن شہری کے طورپر اپنی مستند شناخت رکھتے ہیں۔ ہم فرزندان شیر بنگال اے کے فضل الحق، حسین شہیر سہروردی، خواجہ ناظم الدین ایم ایم عالم ودیگر جیدتحریک پاکستان رہنمائوں اور دفاع وطن کے ہیروز کی اولادیں ہیں اور کسی بھی صورت ناجائز ہتھکنڈوں والی ناانصافی کی مزاحمت بھرپور انداز میں کریں گے۔

سیکریٹری جنرل مامون الرشید ایڈووکیٹ نے کہاکہ اس طرح کی کارروائیاں کرتے وقت یہ یقین دہائی کرائی جاتی ہے یہ غیر ملکی تارکین وطن کے خلاف ہے تو پاکستانی شہری کی حیثیت سے ہماری کمیونٹی کو اطمینان رکھنا چا ہیے ۔ پرامن ر ہیں ، بے مقصد اشتعال میں نہ آئیں۔ اگر براساں کئے جانے کا گذشتہ عمل شروع ہوا تو ہم آئینی ، قانونی اور میدانی جنگ کے ذریعے ہر طرح کی سپورٹ فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ یہ فیصلہ ویسے بھی وفاقی وزارت داخلہ کااختیار ہوتاہے کسی صوبائی اسمبلی میں منظورکردہ قرارداد پر چراغ پاہونے کی کوئی ضرورت نہیں نہ ہی منفی خدشات کوذہن میں جگہ دیں،لیکن اگر رشوت خور انظامیہ نے تنگ کرنے کی کوشش کی تویہ کسی طورپر برداشت نہیں کیاجائے گا۔نائب صدور نے کہاکہ پاکستان میں 1971 کی جنگ سے قبل بنگلہ نژادوں کے خلاف تعصب کی بنیاد پر سازشیں وناانصافیاں ہوئیں ۔

انہیں بنیاد ی حقوق سے رکھاگیا۔1970 کے قومی انتخابات میں حصول اکثریت کے باوجود اقتدارسے محرومی اورمظلوم بنگالیوں پر جنگ مسلط کرکے ملک دولخت کیاگیا۔اس کے باوجود پاکستان میں بسنے والے بنگالیوں نے بنگلہ دیش قبول کرنے کے بجائے پاکستان کو ہی اپنا ملک تسلیم کیااورمتعدد مرتبہ اس جرم کی سزابھگتی لیکن اب مزید زیادتی ہم نہیں جھیلیں گے ۔

بنگلہ نژادوں کی قربانیوں کے باعث ہماری حب الوطنی دوسروں سے زیادہ معتبر ہے اورہم اس کا احترام چاہتے ہیں ۔ مقررین نے مسلم لیگ شیربنگال کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے قائد ڈاکٹرصالح ظہور کی مخلصانہ ،ولولہ انگیز قیادت پر اعتماد قائم رکھیں اور شر پسند عناصر کے آلہ کار بننے کے بجائے کسی بھی شکایت کی صورت میںمسلم لیگ شیربنگال مرکز سے رابطہ کریں ۔