وفاقی کابینہ کاآج ہونے والا اجلاس ملتوی کردیا گیا

مولانا فضل الرحمان کی جانب سے حمایت نہ ملنے پر کابینہ کا اجلاس ملتوی کیاگیا،اجلاس میں آ ئینی ترمیم کی منظوری دی جانی تھی،،قومی اسمبلی میں آج معمول کی کارروائی ہوگی

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 16 ستمبر 2024 11:16

وفاقی کابینہ کاآج ہونے والا اجلاس ملتوی کردیا گیا
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16ستمبر 2024 ) حکومت نے وفاقی کابینہ کا آج ہونے والا اجلاس موخر کردیا،مولانا فضل الرحمان کی جانب سے حمایت نہ ملنے پر کابینہ کا اجلاس ملتوی کیاگیا،اجلاس میں آ ئینی ترمیم کی منظوری دی جانی تھی،قومی اسمبلی میں آج معمول کی کارروائی ہوگی، 26ویں آئینی ترمیم آج بھی پیش نہ ہونے کاامکان ہے، قومی اسمبلی اجلاس میں 3نکاتی ایجنڈے پر ہی غور کیا جائے گا، ذرائع کے مطابق عدالتی اصلاحاتی پیکج آج پیش نہیں کیا جا سکے گا۔

حکومت اور اپوزیشن کے درمیان عدالتی اصلاحات سے متعلق آئینی ترمیم پر ڈیڈلاک برقرار ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے ججز کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق مجوزہ آئینی ترمیم بل پرحکومت کا ساتھ دینے سے انکار کردیا۔خیال رہے کہ پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی برائے قواعد و ضوابط اور نظام کار کا اجلاس بے نتیجہ ختم ہوا تھاجہاں حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان آئینی ترامیم پر ڈیڈ لاک برقرار رہا تھا۔

(جاری ہے)

خصوصی کمیٹی برائے قواعد و ضوابط اور نظام کار کا اجلاس پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی خورشید شاہ کی زیر صدارت ہواتھا۔ ساڑھے 3 گھنٹے کی طویل بحث کے بعد بے نتیجہ ختم ہوا اور آئینی ترمیم پر ڈیڈ لاک برقرار رہا تھااور حکومت اجلاس میں اپوزیشن کو قائل کرنے میں ناکام رہی تھی۔حکومت نے اجلاس میں مجوزہ ترمیم کے اہم نکات پیش کیے لیکن مسودہ نہیں دیا گیا، جس پر اپوزیشن نے کہا کہ مسودہ سامنے آنے تک کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہوگا۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما ءاور چیئرمین کمیٹی خورشید شاہ کا کہنا تھاکہ کمیٹی اجلاس میں مشاورت جاری ہے۔ جب تک کابینہ ڈرافٹ منظور نہیں کرتی تب تک نہیں دے سکتے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی کوشش ہے کہ آئینی ترمیم پر متفقہ فیصلہ ہو۔دوسری جانب شبلی فراز نے کہا تھاکہ کسی بات پر ہمارا اتفاق نہیں ہوا کیونکہ ہمارے سامنے کوئی مواد نہیں ہے اور پھر مولانا فضل الرحمان نے واضح طور پر اپنا اصولی موقف دیاتھا کہ جب تک ہمارے ساتھ چیزیں شیئر نہیں ہوں گی تو ہم کیسے ہوا میں کہہ دیں کہ آپ کی ترامیم کو سپورٹ کریں گے۔