2040 ء میں قائد کا پاکستان کیسا ہو ! کا ڈرافٹ تیار کرلیا گیا، گورنرسندھ

بدھ 18 ستمبر 2024 20:13

2040 ء میں قائد کا پاکستان کیسا ہو ! کا ڈرافٹ تیار کرلیا گیا، گورنرسندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2024ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ 2040ء میں قائد کا پاکستان کیسا ہو ! کا ڈرافٹ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاوت سے تشکیل دے دیاگیا ہے۔ اس ڈرافٹ کو 25 دسمبر کے روز بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے مزار پر پیش کریں گے۔ ڈرافٹ میں سرمایہ کاری، تجارت میں اضافہ اور کاروباری سرگرمیوں کے اہداف مقرر کئے گئے ہیں اورمختلف شعبوں میں خامیوں کی نشاندہی اور بہتری کی تجاویز بھی شامل ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے گورنرہائوس میںپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ 12 ربیع الاول کے بابرکت روز میرا نوٹیفکیشن نکلا جو میرے لئے اعزاز ہے۔اسی روز عہد کیا کہ رسول خدا کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق انسانیت کی خدمت کروں گا۔

(جاری ہے)

جو بھی منصوبہ ابھی صرف سوچا ہی تھا کہ غیب سے اللہ تعالیٰ کی نصرت مجھے ملی۔

انہوں نے کہا کہ بحیثیت گورنرسندھ اس گورنر ہائوس میں تمام اکائیوں کو ایک کیا ، تفریق مٹا دی۔ یہ سب کچھ 12 ربیع الاول کے بابرکت دن میرے نوٹیفکیشن کے ثمرات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ایسے دوست میسر آئے ہیں جن کی مدد سے کار خیر کے کئی منصوبے شروع کئے۔ ہر ایک منصوبہ میں حکومت یا گورنر ہائوس کا ایک روپیہ بھی نہیں لگا۔ شکر الحمداللہ دو برس کے دوران ذاتی حیثیت سے بے شمار کام کئے۔

انہوں نے کہا کہ میرے ہدف میں نوجوانوں کی تربیت، بیروزگاری کا خاتمہ،عوام کے مسائل کے فوری حل کے لئے اقدامات اور مستحقین کی مدد شامل ہے۔ مہنگائی کے اس دور میں گورنرہائوس سے مستحقین میں راشن بیگز تقسیم کئے جارہے ہیں۔اب تک 8 لاکھ سے زائد راشن بیگز مستحقین میں تقسیم کر چکے ہیں اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ گورنرکامران خان ٹیسوری نے کہا کہ شہر میں اسٹریٹ کرائمز کے متاثرہ افراد کو موٹر سائیکلیں اور مالی مدد بھی کر رہے ہیں۔

پاکستان کے قیمتی اثاثہ نوجوانوں کو باصلاحیت بنانے کے لئے عصر حاضر کے آئی ٹی کورسز شروع کئے ہیں۔ آج 50 ہزار نوجوان آئی ٹی کے جدید کورسز کر رہے ہیں۔یہ نوجوان دوران تربیت 300 سے 600 ڈالرز ماہانہ کمانے کے قابل بھی ہوچکے۔ کورسز کی تکمیل کے بعد یہی نوجوان 1200 ڈالرز ماہانہ کما سکیں گے۔ میرا مشن اب صوبہ کو آئی ٹی کا مرکز بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حیدرآباد میں بھی آئی ٹی کے کورسز جلد شروع کرنے جا رہے ہیں۔

حیدرآباد کے بعد میرپور خاص، سکھر اور لاڑکانہ میں بھی یہ کورسز شروع کر دیں گے۔ انہو ں نے کہا کہ باصلاحیت نوجوانوں میں مفت لیپ ٹاپس، موبائل کی تقسیم کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ نوجوانوں کے اسکالرز شپ کے لئے بھی بھرپور اقدامات یقینی بنائے جارہے ہیں۔ عوام کے مسائل کے حل کے لئے گورنر ہاؤس کے باہر "امید کی گھنٹی" لگائی۔ جہاں پر سائل کے مسائل کے حل کے لئے فوری اقدامات یقینی بنائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے با صلاحیت نوجوان جو کاروبار کرنا چاہتے ہیں انہیں قرضہ حسنہ بھی فراہم کر رہے ہیں۔ رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے مسائل کے حل کے لئے بھی گورنر ہاؤس میں سیل قائم کیا۔ اسکولوں میں غریب بچوں کے لئے ناشتہ بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔ مہنگائی میں غریبوں کو روٹی دو روپے میں فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے دعوؤں کے برعکس آج حقیقی طور پر گورنر ہاؤس کے دروازے عام لوگوں کے لئے کھول دیئے ہیں۔

آج تک 30 لاکھ سے زائد افراد گورنر ہاؤس کا دورہ کر چکے۔ انہوں نے کہا کہ دو برس میں دو مرتبہ عام لوگوں کے لئے گورنر ہاؤس میں افطاری کے انتظام کئے۔ عید الاضحیٰ میں 100 اونٹ اور بکروں کی قربانی کا گوشت غرباء میں تقسیم کیاگیا۔ اسٹریٹ کرائمز میں جاں بحق افراد کے بچوں کو قربانی کے لئے بکرے دیئے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کو ان کے تہوار بنانے کے لئے گورنر ہاؤس میں مواقع فراہم کئے۔