حل طلب مسائل پر توجہ ہے، عوام سے کیے وعدے ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہے ہیں‘عبدالعلیم خان

وفاقی وزیر کا حلقہ این اے 117 میں بڑے ترقیاتی منصوبوں کیلئے خصوصی پیکج اور ترقیاتی کاموں کے آغاز کا اعلان

اتوار 22 ستمبر 2024 18:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2024ء) وفاقی وزیرعبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ 30 سال سے حل طلب مسائل پر توجہ ہے ،این اے 117 کے عوام کے وعدے ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر برائے نجکاری اورمواصلات عبدالعلیم خان سے حلقے کی سماجی اور سیاسی شخصیات، سابق کونسلرز، بلدیاتی نمائندوں اور مقامی رہنمائوں نے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے حلقہ این اے 117 میں بڑے ترقیاتی منصوبوں کے لئے خصوصی پیکج اور کاموں کے آغاز کا اعلان کیا۔ حلقے کی ترقیاتی اسکیموں میں واٹر سپلائی، سیوریج، روڈ کارپیٹنگ، لنک روڈز اور سروس روڈ کی تعمیر شامل ہے۔عبد العلیم خان نے کہا کہ این اے 117 میں 21 نئے ٹیوب ویل، ایک ڈسپوزل اسٹیشن شامل ہے جبکہ واٹر سپلائی کا دیرینہ مسئلہ حل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کے پیکج میں 30 کروڑ روپے کی لاگت سے 4 رابطہ سڑکیں اور ایک نیا یو ٹرن بنے گا۔ انہوںنے کہا کہ سیوریج کے بغیر سڑک بنانا سرکاری فنڈز کا ضیاع ہے، ادارے ضروری پروٹوکول مدنظر رکھیں۔