بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈسیکنڈری ایجوکیشن نے گیارہویں جماعت کے نتائج کا اعلان کردیا

منگل 1 اکتوبر 2024 20:42

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2024ء) بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈسیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی نے انٹر میڈیٹ پارٹ۔1(گیارہویں) 2024 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ترجمان کے مطابق منگل کو نتائج کا اعلان کانفرنس روم میں صبح 10بجے کیا گیا جس میں چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی محمد عدنان خان،سیکرٹری بورڈ پروفیسر آصف حسین، کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان اور بورڈ افسران نے شرکت کی۔

چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی محمد عدنان خان اور کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ انٹرمیڈیٹ پارٹI- 2024 کے امتحان میں 61104اُمیدواران نے داخلہ بھجوایا۔59710اُمیدواران شاملِ امتحان ہوئے۔23906اُمیدواران مذکورہ امتحان میں کامیاب ہوئے۔

(جاری ہے)

اس طرح کامیابی کا تناسب 40.04رہا۔ 35804اُمیدواران فیل ہوئے۔ 1319اُمیدواران غیر حاضر رہے۔

بعدازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی محمد عدنان خان نے کہا کہ کنٹرولر امتحانات اور اُن کی پوری ٹیم کامیاب امتحانات کے انعقاد اور بروقت نتائج کی اشاعت پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ جس محنت اور لگن سے تمام افسران و ملازمین نے دن رات ایک کر کے اپنی ڈیوٹی بااحسن طریقے سے سرانجام دی ہے وہ قابلِ ستائش ہے۔ میں اُمید کرتا ہوں کہ تمام افسران وملازمین اپنی ڈیوٹی اسی انداز میں ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے بورڈز میں تعلیمی بورڈ راولپنڈی کو نمایاں مقام حاصل ہے اور میری پوری کوشش ہو گی کہ آمدہ امتحان میں بھی سیکرٹری بورڈ، پروفیسر آصف حسین، کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان، بورڈ افسران و ملازمین اپنی اپنی ذمہ داریاں بخوبی انداز میں نبھائیں گے۔

متعلقہ عنوان :