کوشش ہے لودھراں میں تعلیم کا معیار لاہور اسلام آباد سے کم نہ ہو، جہانگیر ترین

ہم نے سرکاری سکولز کے نظام کو مضبوط کرنے کے لئے بھرپور کوشش کی ہے، تقریب سے خطاب

Irfan Feroz Awan عرفان فیروز اعوان جمعہ 4 اکتوبر 2024 17:23

لودھراں ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 اکتوبر 2024ء ) ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے بانی جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے قیام کا مقصد لودھراں سمیت جنوبی پنجاب کے طلباء و طالبات کو معیاری تعلیم کی فراہمی ہے۔ میں نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ سرکاری سکولوں میں بچوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو بہتر کیا جائے اور ان سکولوں میں زیادہ سے زیادہ وسائل فراہم کیے جائیں۔

سکول بہتر ہونگے تو پاکستان کا مستقبل بہتر ہوگا۔ہم نے حکومتی سکولوں کے نظام کو مظبوط کرنے کے لئے بھرپور سپورٹ کیا۔ یہ بات انہوں نے آج ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے منعقدہ جنوبی پنجاب ریاضی مقابلہ جات میں شریک طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جہانگیر ترین نے کہا کہ میرے اس جذبے کے پیچھے کچھ بھی نہیں ہے صرف عوامی خدمت کا جذبہ ہے۔

(جاری ہے)

اب تو میں نے سیاست چھوڑ دی ہے مگر میں اور میرا بیٹا فلاحی کام جاری رکھیں گے۔ لودھراں کے لوگ میرے اپنے ہیں انہوں نے مجھے بے پناہ محبت دی جو میں لوٹانا چاہتا ہوں۔ جہانگیر ترین نے کہا کہ جن لوگوں کو اللہ نے وسائل سے نوازا ہے انکو اپنے علاقے کی بہتری کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے ۔ میری کوشش ہے کہ لودھراں میں تعلیم کا معیار لاہور اسلام آباد کے سکولوں سے کم نہیں ہونا چاہیے۔

انشاء اللہ لودھراں کے بچے بہت آگے جائیں گے ان بچوں میں بہت ٹیلنٹ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے جنوبی پنجاب کو بین الاقوامی ریاضی کے مقابلے کے ساتھ لنک کیا جو کہ بہت ہی خوش آئند ہے۔ اس طرح کے مقابلہ جات سے یہاں کے بچوں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور انکی خود اعتمادی میں اضافہ ہوگا۔ جہانگیر ترین نے پوزیشن ہولڈر طلباءو طالبات میں میڈل، شیلڈز اور انعامی رقوم بھی تقسیم کیں جبکہ طلباء و طالبات کی جانب سے ریاضی کے ماڈلز پر مبنی سٹالز کا بھی دورہ کیا۔

ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے سی ای او اکبر خان نے کہا کہ جہانگیر ترین کا وژن ہے کہ ہم نے سرکاری سکولوں کے بچوں کو نکھارنا اور آگے لانا ہے۔ آج کے ریاضی مقابلہ جات میں جنوبی پنجاب کے 50 سے زائد سرکاری سکولوں کے 550 طلباء و طالبات نے شرکت کی ہے۔ انشاء اللہ سائنس ، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ ریاضی کے میدان میں بھی ہمارے بچے بہت آگے جائیں گے اور اپنے علاقے کا نام روشن کرینگے۔