وزیر تعلیم کی ہدایت پر پنجاب کے تمام اضلاع میں ہیرو ایوارڈز تقاریب کا انعقاد

ہفتہ 5 اکتوبر 2024 23:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 اکتوبر2024ء) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی ہدایت پر یوم اساتذہ کی مناسبت سے پنجاب کے تمام اضلاع میں ’’ہیرو ایوارڈز تقاریب‘‘ کا انعقاد کیا گیا جن میں بہترین خدمات سرانجام دینے والے اساتذہ کو خصوصی ایوارڈز سے نوازا گیا اور وزیر تعلیم کی طرف سے ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ رانا سکندر حیات کی خصوصی ہدایت پر پروگرام مانیٹرنگ اینڈ امپلیمینٹیشن یونٹ ]پی ایم آئی یو[ نے ہر تحصیل سے 19 اساتذہ کا انتخاب کر کے ان کی بہترین پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں ایوارڈز دئیے۔

ایوارڈز لینے والوں میں 8 پرائمری، 5 ایلیمنٹری، 5 سیکنڈری اور 1 سینئر سبجیکٹ اسپیشلسٹ شامل تھے۔ ایوارڈ یافتگان اساتذہ کا انتخاب کلاسوں کے نتائج، انرولمنٹ میں اضافے اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ سمیت دیگر متعلقہ امور میں نمایاں کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ اساتذہ کی محنت کا اعتراف اور حوصلہ افزائی کرنا ہماری معاشرتی ذمہ داری ہے۔

جو استاد ایمانداری سے اپنے فرائض سرانجام دے گا ریوارڈ کا مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سزا اور جزا کے نظام پر یقین رکھتے ہیں۔ اسی لئے پنجاب کی تعلیمی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہر تحصیل کی سطح پرپرائمری، ایلیمنٹری، سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری اساتذہ کو ایوارڈز کیلئے منتخب کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت استاد دوست اقدامات کر رہی ہے۔

اساتذہ کے تمام جائز مسائل کے حل کیلئے متحرک ہے۔ بہترین پرفارمنس والے اساتذہ کو ہر ممکن سہولیات دینے کا وعدہ کرتے ہیں۔ دریں اثنا وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے یوم اساتذہ کے موقع پر دن کا آغاز اپنے اساتذہ سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے کیا جس میں انہوں نے اساتذہ کی خیریت دریافت کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ادوار کی یادیں تازہ کیں۔

وزیر تعلیم نے تعلیم و تربیت میں کردار پر اساتذہ کا شکریہ ادا بھی کیا جبکہ حال ہی میں ریٹائر ہونے والے اپنے ایک ٹیچر سے رابطہ کر کے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ رانا سکندر حیات نے اساتذہ سے ٹیلوفونک گفتگو میں کہا کہ آج 37 سال کی عمر میں آپ اساتذہ کی وجہ سے ہی وزیر بنا ہوں۔ کوشش کروں گا اساتذہ کی خدمت میں حاضر ہو کر ان سے دعا اور راہنمائی لوں۔ وزیر تعلیم نے اپنے اساتذہ کی راہنمائی میں پنجاب کے تعلیمی و تدریسی مسائل حل کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا جبکہ اپنے ہر استاد کے نام کا ایک پودا لگانے کا بھی عزم کیا۔