جامعہ علوم اسلامیہ عنایت کلے باجوڑ میں پیغامِ شہدا کانفرنس کا انعقاد،امیرجماعت اسلامی خیبرپختونخوا کی شرکت

اتوار 6 اکتوبر 2024 19:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2024ء) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے جامعہ علوم اسلامیہ عنایت کلے باجوڑ میں 30 ستمبر کو لوئر کوہستان میں کار حادثے میں شہید ہونے والے جماعت اسلامی باجوڑ کے نائب امیر قاری عبد المجید، سوشل میڈیا انچارج حیات محمد یوسفزئی اور ڈرائیور و پولیس اہلکار اشفاق خان کی یاد میں منعقدہ ”پیغامِ شہداء کانفرنس“ میں شرکت کی۔

اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنما و سابق ممبر قومی اسمبلی مولانا عبدالا کبر چترالی، نائب امیر صوبہ مولانا ڈاکٹر محمد اسماعیل، امیر ضلع باجوڑ صاحبزادہ ہارون الرشید، حاجی سردار خان، مولانا وحید گل، محمد حمید صوفی، ملک شاہین، ملک محمد ایاز اور شہداء کے لواحقین نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں شہداء کی خدمات کو سراہا گیا اور تحریک اسلامی کے لیے ان کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

کانفرنس میں تینوں شہداء کی مغفرت، درجات کی بلندی اور ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ قاری عبدالمجید، حیات محمد اور اشفاق خان اپنے اپنے شعبوں میں بہترین خدمات انجام دے رہے تھے۔ تینوں شہدا نے تحریک اسلامی کے کام کو ہر چیز پر مقدم رکھا،حادثے کے دن بھی وہ تحریک کے کام کے سلسلے میں گلگت جا رہے تھے کہ حادثے کا شکار ہوگئے۔ انہوں نے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کا تعزیتی پیغام بھی پہنچایا اور ان کی طرف سے شہداء کی مغفرت کی دعا کی۔ کانفرنس میں مقررین نے شہداء کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور ان کو خراج عقیدت پیش کیا۔