ساہیوال،سبزی منڈی ، فروٹ منڈی کے آڑھتیوں کی من مانیاں

منہ مانگے دام لینا فیشن بن گیا، سپیشل پرائس مجسٹریٹ نمائشی بن کر رہ گئے،وزیر اعلیٰ سے نوٹس لینے کا مطالبہ

اتوار 13 اکتوبر 2024 18:40

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2024ء) سبزی منڈی ، فروٹ منڈی کے آڑھتیوں کی من مانیاں ،مارکیٹ کمیٹی کی ریٹ لسٹیں نظر انداز ، دکانداروں ، پھڑی والوں نے مصنوعی مہنگائی پیدا کر کے شہریوں کی لوٹ مار دھڑلے سے جاری، ضلعی انتظامیہ کے سپیشل پرائس مجسٹریٹوں کا کام نمائشی بن کر رہ گیا ۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو چکی ہے لیکن مصنوعی مہنگائی نے عوام کا جینا دو بھر کر دیا ہے ۔

سبزی منڈی میں مٹر ، کریلے ، آلو، ٹماٹر ، پیاز ،کھیرے ،بھنڈی، گوبھی، پالک کے مقررہ نرخوںسے سبزی فروش کھلے بندوں 50روپے سے لے کر 200روپے فی کلو تک اضافی کھلے عام وصول کر رہے ہیں۔فروٹ فروشوں نے سیب، انگور، آڑو،کیلا،انار، فروٹراور میٹھے وغیرہ کے ریٹ ایک سو روپے کلو سے لے کر 300روپے تک فی کلوزائد وصول کرنا فیشن بنا لیاہے ۔

(جاری ہے)

سبزی فروشوں اور فروٹ فروشوں نے ریٹ لسٹیں چھپا کر رکھی ہوتی ہیں۔

اگر کوئی گاہک ریٹ لسٹ کی بات کر تا ہے تو جواب میں ناقص سبزیاں اور فروٹ دکھا کر خاموش کر دیا جاتا ہے ۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا ہے کہ مصنوعی مہنگائی پر قابو پانے کے لیے پرائیوٹ سبزی منڈی اور فروٹ منڈی کو فی الفور شہر سے باہرمنتقل کر کے سرکاری منڈیوں کوفعال کیا جائے اور پرائیوٹ آڑھتیوں کے گوداموں سے ذخیرہ سبزیوں اور فروٹ کو بر آمد کر کے منڈیوں میں کھلے عام فروخت کرنے سے سبزیوں اور فروٹ کی قیمتیں اعتدال پر آ سکتی ہیں اور چور بازاری کا بھی خاتمہ ہوجائے گا۔اس لیے وزیر اعلیٰ کو فوری نوٹس لینا چاہیے۔