چائنیز سرمایہ کاروں کی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر سے ملاقات، ہیلتھ سیکٹر میں سرمایہ کاری کے لئے اظہار دلچسپی

ہیلتھ سیکٹر میں چائنیز سرمایہ کاری کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں گے، خواجہ عمران نذیر

پیر 14 اکتوبر 2024 23:12

چائنیز سرمایہ کاروں کی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر سے ملاقات، ہیلتھ سیکٹر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2024ء) صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر سے چائنہ کے سرمایہ کاروں کے وفد نے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ گلبرگ میں ملاقات کی۔ملاقات میں ہسپتالوں کے بائیو میڈیکل ایکوپمنٹ، دیگر آلات کے معیار، خریداری، سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چائنیز وفد نے پنجاب میں ہیلتھ سیکٹر میں سرمایہ کاری کے لئے دلچسپی کا اظہار کیا۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ چائنہ کے وزیر اعظم کی اسلام آباد آمد کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

چائنہ کی سی پیک اور دیگر منصوبوں میں سرمایہ کاری سے ملکی معیشت میں استحکام آیا ہے۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن کے تحت ہسپتالوں کو جدید رحجانات کے مطابق تبدیل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں جدید میڈیکل اور بائیو میڈیکل آلات شفاف انداز سے خریدیں جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بنیادی و دیہی مراکز صحت کی ریویمپنگ سے عوام کو جدید معیاری علاج معالجہ فراہم ہوسکے گا۔ خوجہ عمران نذیر کا کہنا ہے کہ پنجاب میں بائیو میڈیکل ایکوپمنٹس کی تیاری کے لیے چائنیز سرمایہ کاری خوش آئند ہے۔اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر پی ایم یو عدیل تصور رانا بھی موجود تھے۔