پی ٹی آئی کی پنجگور میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے مزدوروں کی ہلاکت کی مذمت

صوبائی حکومت امن وامان برقرار رکھنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے،رہنما حمزہ خان ناصر

منگل 29 اکتوبر 2024 19:23

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اکتوبر2024ء) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنما حمزہ خان ناصر نے پنجگور کے علاقے میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے 5بے گناہ مزدوروں کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت امن وامان برقرار رکھنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے اور حکومت کی رٹ کہیں نظر نہیں آرہی ہے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں حمزہ خان ناصر نے کہا کہ پنجگور کے علاقے پروم میں ڈیم پر کام کرنے والے مزدوروں پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے 5بے گناہ مزدوروںکی شہادت کی پاکستان تحریک انصاف سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے جس میں وہ بری طرح ناکام ہوچکی ہے اور حکومت کی رٹ کہیں نظر نہیں آرہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبے میں آئے روز دہشت گردوں کی جانب سے بے گناہ مزدوروں کا قتل عام ہورہا ہے لیکن حکومت خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر حکومت عوام کے جان و مال کا تحفظ نہیں کرسکتی تواسے اقتدارمیں رہنے کا بھی کوئی حق نہیں ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ فائرنگ میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے اور شہید ہونے والے افراد کے لواحقین کو معاوضے کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے شہید ہونے والے مزدوروں کے اہل خانہ سے اظہارتعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنے جواررحمت میں جگہ دے اورپسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔