مریم نوازکا گلے کے علاج کیلئے لندن جانے کا امکان

وزیراعلیٰ پنجاب کافی عرصے سے گلے میں انفیکشن کا شکار ہیں؛ ذرائع

Sajid Ali ساجد علی اتوار 3 نومبر 2024 15:30

مریم نوازکا گلے کے علاج کیلئے لندن جانے کا امکان
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 نومبر 2024ء ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکا گلے کے علاج کیلئے لندن جانے کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع مسلم لیگ ن کا کہنا ہے کہ مریم نواز کی 5 نومبر کو لندن روانگی متوقع ہے، وہ لندن میں اپنے ذاتی معالج سے علاج کروائیں گی کیوں کہ وزیراعلیٰ پنجاب کافی عرصے سے گلے میں انفیکشن کا شکار ہیں۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ ڈاکٹروں کی ہدایت پر مریم نواز کے گلے کے آپریشن کا بھی امکان ہے، اس سلسلے میں وزیراعلیٰ پنجاب کا لندن کا یہ دورہ ایک ہفتہ پر محیط ہوسکتا ہے، مریم نوازکا وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد یہ پہلا غیرملکی دورہ ہوگا، دورہ مکمل ہونے کے بعد نواز شریف اور مریم نواز کا لندن سے اکٹھے وطن واپس آنے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں 27 اکتوبر کو پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف لندن پہنچے، ایون فیلڈ پہنچنے پر ن لیگی کارکنوں نے سابق وزیراعظم کا استقبال کیا، تاہم اس دوران پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے بھی نواز شریف کی رہائشگاہ ایون فیلڈ ہاؤس کے باہر جمع ہو کر احتجاج کیا گیا، نوازشریف کی رہائشگاہ کے باہر احتجاج کرنے والوں نے شدید نعرے بازی کی، اسی دوران مسلم لیگ ن کے ورکرز بھی سامنے آگئے۔

بتایا گیا تھا کہ صورتحال بگڑنے سے قبل میٹروپولیٹن پولیس کے افسران و اہلکار موقع پر پہنچ گئے، پولیس نے نوازشریف کی گاڑی ایون فیلڈ میں داخل ہونے کے لیے مدد کی، نواز شریف کی حمایت اور مخالفت میں مظاہرہ کرنے والوں کو قابو رکھنے کے لیے پولیس اہلکار سڑک کے درمیان میں کھڑے رہے، تاہم مظاہرین کی نعرے بازی کے باعث نواز شریف میڈیا سے بات کیے بغیر اپنی رہائشگاہ چلے گئے۔