Live Updates

حالات جیسے بھی ہو جائیں عمران خان ڈیل نہیں کریں گے، فواد چودھری

عدم اعتماد کے وقت اسمبلی تحلیل کرنے کا منصوبہ صرف چارلوگوں کوپتہ تھا ،جنرل باجوہ سے رابطہ ختم کرنا ہماری غلطی تھی،پی ٹی آئی کوعروج عدم اعتماد کے بعد ہونیوالے فیصلوں کی بدولت ہی ملا،نجی ٹی وی پروگرام میںگفتگو

اتوار 3 نومبر 2024 20:40

حالات جیسے بھی ہو جائیں عمران خان ڈیل نہیں کریں گے، فواد چودھری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 نومبر2024ء) سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ حالات جیسے بھی ہو جائیں عمران خان ڈیل نہیں کریں گے،عدم اعتماد کے وقت اسمبلی تحلیل کرنے کا منصوبہ صرف چارلوگوں کوپتہ تھا ،جنرل باجوہ سے رابطہ ختم کرنا ہماری غلطی تھی،پی ٹی آئی کوعروج عدم اعتماد کے بعد ہونیوالے فیصلوں کی بدولت ہی ملا۔

نجی ٹی وی پروگرام میںگفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہاکہ عدم اعتماد کے وقت اسمبلی تحلیل کرنے کا منصوبہ صرف چارلوگوں کوپتہ تھا جس میں بانی پی ٹی آئی،عارف علوی،اٹارنی جنرل اورمیں منصوبے سے آگاہ تھے۔انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد سے چاردن پہلے بانی پی ٹی آئی کی جنرل باجوہ سے ملاقات ہوئی، جنرل باجوہ نے عمران خان سے کہا ہم انتظام کرلیں گے، اسمبلی تحلیل کے بعد بانی پی ٹی آئی نے جنرل باجوہ سے کہا الیکشن کروالیں، شرط یہ تھی کہ جسٹس بندیال کی ریٹائرمنٹ کے دس روزبعد الیکشن کروائے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی تجویزشاہ محمود قریشی کی تھی، مسلم لیگ(ن) اورپیپلزپارٹی الیکشن کروانے پرمتفق تھے، میں نے اس وقت حماد اظہرسے کہا ہم الیکشن ہارجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جنرل باجوہ سے رابطہ ختم کرنا ہماری غلطی تھی،جنرل باجوہ سے کہا بانی پی ٹی آئی کی مقبولیت کم نہیں ہوئی، میں نے جنرل فیض اورعمران خان سے کہا نوازشریف کوباہرنہ بھیجیں۔

انہوں نے کہا کہ جنرل باجوہ سے ہماری کوئی لڑائی نہیں تھی، ہمیں لگ رہا تھا کہ عدم اعتماد کوہم مینج کرلیں گے، جنرل باجوہ نے بھی ہمیں یقین دہانی کرائی تھی، اس کے بعد جنرل باجوہ کے ہاتھ سے بھی بات آگے نکل گئی۔انہوں نے کہا کہ لیگی رہنماء رانا تنویر،ملک احمد خان،خواجہ آصف جنرل باوجوہ سے ملاقاتیں کرنے رہتے تھے، جنرل باجوہ کوبتایا جاتا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت غیرمقبول ہوچکی ہے آپ (ن)لیگ سے توسیع لیں گے تومقبول رہیں گے، میں نے جنرل باجوہ کوبتایا کہ آپ غلط فہمی کا شکارہیں۔

انہوں نے کہا کہ کہ پی ٹی آئی کوعروج عدم اعتماد کے بعد ہونیوالے فیصلوں کی بدولت ہی ملا، 2018میں بھی پی ٹی آئی سب سے مقبول جماعت تھی، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کبھی بھی ڈیل نہیں کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات