راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں سوشل سائنسز کی تیسری بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد

بدھ 13 نومبر 2024 22:59

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2024ء) راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں سوشل سائنسز کی تیسری بین الاقوامی کانفرنس بعنوان "کنٹمپریری ورلڈ چیلنجز اینڈ ٹرانسفرمیشنز" کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد تھے۔ انہوں نے کانفرنس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ گولز (ایس ڈی جیز ) کا حصول ایک ضروری ہدف ہے جس کے لئے پاکستان اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انسانی اقدار اور امن کا فروغ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور ان اہداف کو حاصل کرنے کے لئے تعاون اور شراکت داری کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ انٹرنیٹ کے ذریعے معلومات کی فراوانی نے انفرادی عقل کو متاثر کیا ہے اور مختلف انٹرنیٹ پلیٹ فارمز پر دستیاب معلومات کی تصدیق کی اہمیت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں اور طلبا کو دور حاضر کےچیلنجز سے ذمہ داری سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرنا چاہئے۔

انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیلہ کمال کی زیر قیادت یونیورسٹی کی علمی ترقی کو سراہا اور نوجوان محققین کو موجودہ دور کے عالمی چیلنجز کا ادراک دلانے پر زور دیا۔ وائس چانسلر راولپنڈی ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر انیلہ کمال نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کانفرنس سوشل سائنسز کے ماہرین، اساتذہ، طلبہ اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے جہاں وہ عالمی چیلنجز پر اپنے خیالات کا اظہار کر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ دہائیوں میں دنیا میں ہونے والی تیز رفتار تبدیلیوں اور چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تعلیمی اداروں کا کردار کلیدی ہے۔ راولپنڈی ویمن یونیورسٹی خواتین کو تعلیم کے ذریعے بااختیار بنانے کے لئے کوشاں ہے تاکہ وہ معاشرتی ترقی اور قیادت میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ کانفرنس میں بین الاقوامی مقررین بشمول پروفیسر ڈاکٹر اگاتا گاسیو روسکا، ایس ڈبلیو پی ایس یونیورسٹی، پولینڈ اور دیگر ملکی و غیر ملکی محققین نے شرکت کی اور مختلف سیشنز، پینل مباحثوں، اور زبانی و پوسٹر پریزنٹیشنز کے ذریعے اپنے تحقیقی مقالے پیش کیے۔

کانفرنس میں 50 سے زائد یونیورسٹیوں کے 300 سے زیادہ مقررین نے شرکت کی جن میں پولینڈ، یو اے ای، امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، ملائیشیا، جاپان اور پاکستان کی مختلف قومی یونیورسٹیوں سے تعلق رکھنے والے محققین شامل تھے۔ کانفرنس کے دوران سوشل سائنسز کے مختلف شعبہ جات کے اہم موضوعات، جیسے کہ گلوبل چیلنجز، سماجی تبدیلیاں، اور دیگر اہم مسائل پر گفتگو کی گئی جس سے شرکا کو تحقیق کے جدید رجحانات سے آگاہی حاصل ہوئی ۔

پروفیسر ڈاکٹر اگاتا نے اپنی تحقیق کے نتائج پیش کیے جس کے مطابق شکر گزاری کی کیفیت انسان کی دولت کی خواہش کو کم کرتی ہے۔ ان کے مطابق، شکر گزاری کے جذبات نہ صرف لالچ اور مادیت پرستی کو کم کرتے ہیں بلکہ یہ سماجی تعلقات اور خود کو بہتر بنانے کے جذبات سے بھی جڑے ہوتے ہیں۔ کانفرنس کی اختتامی تقریب میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔

راولپنڈی ویمن یونیورسٹی نے اس کانفرنس سے قبل54 پری کانفرنس ورکشاپس کا انعقاد بھی کیا جن میں طلبہ اور محققین کو مختلف علمی موضوعات پر عملی تربیت فراہم کی گئی۔ یہ کانفرنس تعلیمی و تحقیقی میدان میں نوجوان نسل کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے اور پاکستان کی سماجی و تعلیمی ترقی میں ایک اہم قدم ہے۔