فیصل آباد،ستیانہ میں نادرا کے نئے دفتر کا افتتاح

جمعرات 21 نومبر 2024 17:39

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2024ء) چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ستیانہ بنگلہ جڑانوالہ ضلع فیصل آباد میں نادرا کے نئےدفتر کا افتتاح کردیا گیا،یہ دفتر جڑانوالہ تحصیل میں نادراکاپانچواں دفتر ہے ۔افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما طلال چوہدری کے بھائی بلال چوہدری تھے۔

اس موقع پر نادرا فیصل آبادکے زونل ہیڈ قیصر ذوالفقار اور ایم این اے چوہدری شہباز بابر کے کزن چوہدری اسلم سمیت معززین علاقہ نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔اس موقع پر زونل ہیڈنادراقیصر ذوالفقار نے بتایا کہ نادرا آفس میں 6 کاؤنٹرز قائم کئے گئے ہیں جوعلاقہ و گردو نواح کے عوام کو نادرا کی جانب سے فراہم کی جانے والی تمام سہولیات سے مستفیدکرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری نادراکی سہولیات سے استفادہ کرسکتا ہے۔بلال چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ستیانہ بنگلہ جڑانوالہ ضلع فیصل آباد میںنادراکے دفتر کا قیام عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا کیونکہ لوگوں کو فیصل آباد اور جڑانوالہ جانا پڑتا تھاتاہم مذکورہ دفتر کے قیام سے گھر کی دہلیز پر عوام کو نادرا کی سہولیات میسر ہوں گی جس سے ان کے وقت اور خرچ کی بچت ہوگی ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل جڑانوالہ میں ایگزیکٹو سینٹر سمیت 2 دفاتراور کھرڑیانوالہ و بچیانہ میں ایک ایک دفتر کام کررہا ہے۔