پارہ چنار کے حالات پوری قوم کے لیے باعث تشویش ہیں، ڈاکٹر مولانا نعمان نعیم

فرقہ واریت کا رنگ اختیار کرنے والے تنازعے کے مستقل حل کے لیے فوری اور مثر اقدامات کیے جائیں، مہتمم جامعہ بنوریہ

ہفتہ 23 نومبر 2024 20:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2024ء) معروف مذہبی اسکالر اور جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم ڈاکٹر مولانا نعمان نعیم نے پاڑہ چنار میں پیش آنے والے اندوہناک سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاڑہ چنار کے حالات پوری قوم کے لیے باعث تشویش ہیں، ملک دشمن عناصر فرقہ واریت کے ذریعے ملکی امن کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، اراضی کے تنازعے کو فرقہ وارانہ رنگ دے کر فرقہ واریت کی آگ بھڑکائی گئی ، حکومت تنازعے کے مستقل حل کے لیے فوری اور مثر اقدامات پر توجہ دے ،ہفتہ کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مہتمم جامعہ بنوریہ عالمیہ ڈاکٹر مولانا نعمان نعیم نے کہا کہ پاڑہ چنار کی قیمتی اراضی کا تنازعہ بنیادی طور پر چند افراد کے درمیان تھا، لیکن اسے فرقہ وارانہ شکل دے کر امن کو سبوتاژ کیا گیا، جس کے نتیجے میں اب 40 سے زائد جانیں ضائع ہوچکی ہیں، حالات بدستورکشیدہ اور پوری قوم کیلئے باعث تشویش ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس طویل تنازعے کے مستقل حل کے لیے فوری اور مثر اقدامات حکومت کو توجہ دینی چاہیے اور اس معاملے پر ایک غیرجانبدار کمیشن تشکیل دے کر حقائق سامنے لائے جائیں اور آئندہ اس قسم کے واقعات کا سدباب کیلئے اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہاکہ فسادمیں ملوث عناصر کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے اسلام امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، اور تمام مکاتب فکر کے ائمہ و علما کرام سے اپیل ہے کہ وہ متحد ہو کر اس طرح کی گھنانی سازشوں کے خلاف اپنا کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :