وزیراعلی پنجاب کا صبح سویرے اچانک لاہور شہر کا دورہ، مختلف ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کا جائزہ لیا

پیر 23 جون 2025 22:34

وزیراعلی پنجاب کا صبح سویرے اچانک لاہور شہر کا دورہ، مختلف ڈویلپمنٹ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے صبح سویرے اچانک لاہور شہر کا دورہ کیا اور مختلف ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کا جائزہ لیا۔ وزیراعلی نے والٹن روڈ پر نئے اوور ہیڈ برج کا دورہ کیا اور نو تعمیر شدہ روٹ 47کا بھی معائنہ کیا۔ سی بی ڈی روٹ 47 کو عام ٹریفک کے لیے مکمل طور پر فعال کرکے باقاعدہ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

روٹ 47 ساڑھے چار کلومیٹر طویل ہے، دو طرفہ اور تین رویہ جدید ترین انفراسٹرکچر پر مشتمل ہے۔ کلمہ چوک کو والٹن سے ملانے والاروٹ 47 کو 1947 کی جدوجہدِ آزادی سے منسوب کیا گیا ہے۔ سی بی ڈی روٹ 47 سے گلبرگ سے والٹن تک کا سفر چند منٹوں میں ممکن ہے۔ روٹ 47 پر تقریبا 2.5 کلومیٹر طویل سائیکل سواروں کیلئے لین بھی مخصوص ہے۔

(جاری ہے)

والٹن ریلوے کراسنگ فلائی اوور پر پیدل اور سائیکل سواروں کیلئے بھی علیحدہ واک وے مخصوص کیا گیا ہے۔

والٹن ریلوے کراسنگ فلائی اوور پر 912 میگا واٹ پر نصب سولر پینلز سے ایک میگا واٹ بجلی کی پیداوار ممکن ہوگی۔ روٹ 47 شاہراہ کے ساتھ بارش کے50 لاکھ گیلن پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے مصنوعی جھیل بنائی گئی، خوبصورتی کے لیے فوارے اور ایریشن سسٹم نصب کیے گئے ہیں۔ روٹ 47 شاہراہ کی شناخت کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف مونیومنٹس بھی نصب کیے گئے ہیں۔ وزیراعلی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روٹ 47 پنجاب کے روشن اور پائیدار مستقبل کی جانب ایک اور نمایاں اقدام ہے،یہ صرف ایک سڑک نہیں بلکہ پنجاب میں سمارٹ ترقی کی نئی داستان ہے۔