پنجاب یونیورسٹی نے پرائم منسٹریونیورسٹی سپورٹس اولمپیاڈ میں گولڈ، سلورمیڈلز حاصل کر لئے

پیر 25 نومبر 2024 17:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2024ء) پنجاب یونیورسٹی نے اسلام آباد میں منعقد ہونے والے پرائم منسٹر یونیورسٹی سپورٹس اولمپیاڈ میں خواتین کے شعبوں میں مجموعی طور پر پہلی اور مردوں کے شعبوں میں مجموعی طور پر دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔ پنجاب یونیورسٹی کی ٹیموں نے مرد اور خواتین کے ایتھلیٹکس، تیراکی، ٹیبل ٹینس، ہاکی، بیڈمنٹن اور ریسلنگ کے کھیلوں میں حصہ لیا۔

اس سلسلے میں منعقدہ تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر محمد علی، ڈی جی سپورٹس جاوید علی میمن نے تقریب میں شرکت کی۔ پنجاب یونیورسٹی کی خواتین بیڈمنٹن ٹیم نے پہلی پوزیشن جبکہ مردوں کی ایتھلیٹکس ٹیم نے 4 گولڈ، 9 سلور اور 3 برانز میڈل سمیت دوسری پوزیشن اپنے نام کی۔

(جاری ہے)

پنجاب یونیورسٹی کے دو ایتھلیٹس نے نیا ریکارڈ بنایا جس میں اسامہ حسن نے 800 میٹر اور علی عدنان نے پول والٹ کا نیا ریکارڈ بنایاجبکہ سمیع اللہ کو دو گولڈ اور ایک سلور میڈل کے ساتھ چیمپئن شپ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پنجاب یونیورسٹی نے خواتین ایتھلیٹکس میں 2 گولڈ، 6 سلور اور7 برانز میڈل سمیت دوسری پوزیشن جیتی۔ مردوں کی ریسلنگ میں پنجاب یونیورسٹی نے مجموعی چیمپئن شپ میں دوسری پوزیشن حاصل کی جس میں ایک گولڈ، 2 سلور اور 6 برانز میڈل حاصل کیے۔

خواتین تیراکی میں پنجاب یونیورسٹی نے تیسری پوزیشن حاصل کی جس میں 3 گولڈ، 5 سلور اور 6 برانز میڈل حاصل کیے۔ پنجاب یونیورسٹی نے خواتین ٹیبل ٹینس سنگل میں گولڈ اور ڈبلز میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹر محمد علی نے پنجاب یونیورسٹی ڈائریکٹر سپورٹس ڈاکٹر محمد علی کلاسرا کی کاوشوں کو سراہاتے ہوئے اس شاندار کامیابی پر جیتنے والے کھلاڑیوں، کوچز اور منیجرز کو مبارکبادپیش کی۔