شہید بے نظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی میںویمنز لٹریچر فیسٹیول کا انعقاد

ویمنز لٹریچر فیسٹیول خواتین کی ادبی ، ثقافتی اور سماجی خدمات کو اجاگر کرنے کیلئے ایک بہترین پلیٹ فارم ہے،ڈی جی ٹورازم اتھارٹی تاشفین حیدر

منگل 26 نومبر 2024 19:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 نومبر2024ء) ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی تاشفین حیدر نے کہا ہے کہ ویمنز لٹریچر فیسٹیول خواتین کی ادبی ، ثقافتی اور سماجی خدمات کو اجاگر کرنے کیلئے ایک بہترین پلیٹ فارم ہے۔ ایسے فیسٹیول کے انعقاد سے خیبرپختونخوا کا ایک نرم اور روشن پہلو دنیا کو سامنے پیش کرنے میں مدد ملے گی۔

ادب ہمیشہ سے ہی امن، ہم آہنگی، اور یکجہتی کا ذریعہ رہا ہے اور ایسے مواقع ہماری خواتین کو درپیش چیلنجز کا سامنا کرنے کی ہمت دیتے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روزبینک آف خیبر، این سی ایچ ڈی، محکمہ آثارقدیمہ و عجائب گھراورخیبرپختونخواکلچراینڈٹورازم اتھارٹی کے باہمی اشتراک سے شہید بے نظیر بھٹووویمن یونیورسٹی پشاور میں منعقدہ دوسرے دوستی پشاور ویمنز لٹریچر فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صفیہ احمد ، ڈاکٹر حمیدہ،ثمیرہ گل، ثانیہ سراج، ڈاکٹر زرمنہ بلوچ اور فریحہ سمیع سمیت دیگراساتذہ اورطالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ڈی جی کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی تاشفین حیدر نے کہا کہ مجھے بے حد خوشی ہے کہ شہید بے نظیر بھٹو ویمنز یونیورسٹی پشاور خیبرپختونخوا کی خواتین کیلئے ایک مثالی اور مثبت ماحول فراہم کر رہی ہے جو نہ صرف ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کا ذریعہ بن رہا ہے بلکہ خیبرپختونخوا کا ایک نرم اور روشن پہلو دنیا کے سامنے پیش کر رہا ہے۔

ایسے مواقع آج کے دور کی اہم ضرورت ہیں اور خواتین کیلئے اس طرح کی سرگرمیاں نہایت اہمیت رکھتی ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ موجودہ حالات، بالخصوص امن و امان کی صورتحال میں ادب اور ثقافت کے ذریعے خواتین کو ایک محفوظ، مثبت اور تخلیقی ماحول فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ایسے فیسٹیولز خواتین کو اظہارِ خیال کے مواقع فراہم کرتے ہیں اور ان کے اندر خود اعتمادی اور معاشرتی شعور کو فروغ دیتے ہیں۔ دوستی پشاور ویمنز لٹریچر فیسٹیول 29 نومبر تک شہید بے نظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی پشاور میں جاری رہے گا۔